جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے ترجمان نے مولانا فضل الرحمان کی صحت کے بارے میں اپڈیٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مولانا نے مسلسل سفر اور تھکن کے باعث طبیعت میں خرابی محسوس کی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم رہائش گاہ سے اسپتال منتقلی اور واپسی تک تمام ذمہ داران ان کے ہمراہ تھے۔
ترجمان جمعیت علمائے اسلام پاکستان اسلم غوری نے جےیوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی صحت کے بارے میں اپڈیٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کی صحت الحمدللہ بہتر ہے، تمام طبی رپورٹس تسلی بخش اور کلیئر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کئی روز کے مسلسل سفر اور تھکن کے باعث طبیعت میں خرابی محسوس کی، نظر بند ہونے کی بنا پر ملتان انتظامیہ نے انہیں اسپتال شفٹ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ موجودہ حالات کے باعث مولانا فضل الرحمان لاہور سے لاڑکانہ بذریعہ سڑک سفر کر رہے تھے، دوران سفر رحیم یار خان کے مقام پر پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو روکا اور ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر محدود کر دیا۔
اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی صحت سے متعلق غیر ضروری تشویش پھیلانے سے گریز کیا جائے، صحت سے متعلق خبروں کی غیرمحتاط اور غیر ذمہ دارانہ تشہیر سے کارکنوں اور عوام میں تشویش پیدا ہوئی۔
جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان سے مولانا فضل الرحمان کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طبی معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا کسی بھی طور مناسب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ مولانا فضل الرحمان خیریت سے ہیں، کارکنان کسی قسم کی پریشانی میں مبتلا نہ ہوں، سیکریٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام پنجاب حافظ نصیر احرار اور طارق بلوچ و دیگر جماعتی ذمہ داران مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ ہیں۔
اسلم غوری نے کہا کہ رہائش گاہ سے اسپتال منتقلی اور رہائش گاہ واپسی تک تمام ذمہ داران ہمراہ تھے لہٰذا کسی قسم کی تشویش نہیں ہے۔
دریں اثنا مرکزی کوآرڈینٹر ڈیجیٹل میڈیا سیل جمعیت علماء اسلام انجنئیر ضیاء الرحمن نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن مکمل طور صحتمند ہیں الحمد للہ، میری ابھی ان سے بات ہوئی ہے کل لاہور سے شہید اسلام کانفرنس جاتے ہوئے سندھ پنجاب بارڈر سے ان کو پنجاب سے سندھ نکلنے نہیں دیا گیا اور انکو واپس ملتان ہی رات کو واپس آنا پڑا تو سفر کی تھکن کے علاوہ انکو کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہےملتان انتظامیہ کے اصرار پر انکو روٹین چیک اپ کے لیے ہسپتال لےجایا گیا جہاں انکے تمام ٹیسٹ الحمدللہ بالکل نارمل ہیں۔