زکریا عثمان نے ای سی او چیمبر کی قیادت سنبھال لی

صدر کا عہدہ ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 3 سال کے لیے دیا گیا


Business Reporter September 05, 2014
آپس میں تعاون سے ای سی او طاقت ور زرعی بلاک بن سکتا ہے، صدر ایف پی سی سی آئی۔ فوٹو: این این آئی/فائل

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زکریا عثمان نے ای سی او چیمبر آف کامرس کے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

ای سی او چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی 19ویں ایگزیکٹو کمیٹی اور 13 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس گزشتہ روز کراچی میں منعقد ہوئے جس میں ای سی او چیمبر کے صدر، نائب صدور، ممبر چیمبرز کے نمائندے، ای سی او چیمبر کے اسپیشلائزڈ کمیٹیوں کے سربراہان، ای سی او چیمبر سیکریٹریٹ اور ٹر یڈ ڈیولپمنٹ بینک کے نمائندوں نے شر کت کی، اس موقع پر ای سی او چیمبر کی سربراہی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر زکریا عثمان کو آئندہ 3 سال کے لیے سونپ دی گئی۔

اس موقع پر ای سی او کے سابق صدر غلام حسین شفیع، تر کی سے رفعت کے علاوہ سارک اور کاسی ریجنل بلاک اور فیڈریشن چیمبر کے ممتاز سینئر ممبر طارق سعید اور فیڈریشن چیمبر کے سینئر نائب صدر شوکت احمد، نائب صدور اسماعیل ستار، مظہر علی ناصر، خرم سعید، امجدرفیع، ارجمند قاضی نے بھی شرکت کی۔ زکریا عثمان نے اس موقع پر کہا کہ پوری دنیا میں سیاسی اور معاشی لحاظ سے کئی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں جن کی وجہ سے اسلام کا غلط تصور پیش کیا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے غربت میں تیزی سے اضافہ اور اینٹی ڈمپنگ کیسوں میں بے پناہ اضافہ آج کل کی معاشی دنیا میں عام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقائی بلاک میں آج بھی بہت سے ایسے تجارتی شعبے ہیں جن کی وجہ سے باہمی تجارت میں اضافہ ہو سکتا ہے لیکن ان شعبوں کو اب تک دیکھا نہیں گیا۔ انھوں نے کہا کہ ای سی او ممالک میں ایران، آذربائیجان، قازقستان اور ترکمانستان تیل وگیس پیدا اور ایکسپورٹ کرنے والے ممالک ہیں، وسط ایشیائی ممالک میں ہائیڈروالیکٹرک پاور کی پیداوار اور ایکسپورٹ کے بھرپور امکانات ہیں جبکہ پاکستان افغانستان توانائی کی کمی کا شکار ہیں، پاکستان وقازقستان زرعی مصنوعات کے ایکسپورٹرز ہیں جبکہ ایران اور ترکی ان زرعی اشیا کے امپورٹرزہیں۔

زکریا عثمان نے کہاکہ اگر رکن ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جائے تو ای سی او کا علاقائی بلاک زرعی مصنوعات کی ایکسپورٹ کے حوالے سے ایک بڑا طاقتور بلاک بن سکتا ہے۔ ای سی او چمبر کے سابق صدر غلام حسین شفیع نے کہا کہ ای سی او ریجنل بلاک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آسان ویزا پالیسی، بینکنگ کی سہولتیں اور ای سی او ٹی اے معاہدے کی توثیق وہ 3 اہم کام ہیں جن کے ہونے سے ای سی او ممبر ممالک کی معیشت میں مثبت تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک دھائی سے زیادہ کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن اب تک ای سی او ممبر ممالک کے تاجروں کے لیے ویزا پالیسی نرم نہیں کی گئی اور نہ ہی اب تک ای سی اوٹی اے نافذ عمل ہو سکا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ای سی او چیمبر کا ایک ورکنگ گروپ بنایا جائے جو ممبر ممالک میں ای سی او کے معاہدوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں سہولت فراہم کرے۔ زکریا عثمان نے ای سی او چیمبر آف کامرس کی صدارت سنبھلالنے کے بعد ای سی او چیمبر کیلیے ایم اے لودھی کو سیکریٹری جنرل تعینات کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ڈاکٹر ایوب مہر بھی ای سی او چیمبر کا اہم حصہ ہوں گے۔

مقبول خبریں