لاہورلائنزکے کرکٹرزکو’’ہنی ٹریپ‘‘سے بچنے کی تلقین

سلیم خالق  منگل 9 ستمبر 2014
اسکواڈ کو پی سی بی کے ایک ڈائریکٹر ، سیکیورٹی آفیسر اور ڈاکٹر نے گذشتہ دنوں خصوصی لیکچرز دیے۔  فوٹو: فائل

اسکواڈ کو پی سی بی کے ایک ڈائریکٹر ، سیکیورٹی آفیسر اور ڈاکٹر نے گذشتہ دنوں خصوصی لیکچرز دیے۔ فوٹو: فائل

کراچی: لاہور لائنز کے کرکٹرز کو بھارت میں ’’ہنی ٹریپ‘‘ سے بچنے کی خصوصی تلقین کر دی گئی۔

لاہور لائنز کے کرکٹرز بتایا گیا ہے کہ میچ فکسرز اپنے جال میں پھنسانے کیلیے خوبصورت لڑکیوں کا سہارا لے سکتے ہیں لہذا محتاط رہیں، اسکواڈ کو ڈوپنگ اور ڈسپلن کے حوالے سے بھی لیکچرز دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق  حالیہ عرصے میں فکسنگ کے جرم میں پکڑے جانے والے کرکٹرز نے حکام کو بتایا کہ انھیں خوبصورت لڑکیوں کے ذریعے جال میں پھنسایا گیا، بھارت میں ویسے بھی میڈیا پاکستانی کرکٹرز کے اسکینڈلز کی تلاش میں رہتا ہے، لاہور لائنز میں کئی قومی کرکٹرز کی شمولیت کے سبب حکام زیادہ محتاط ہیں، اسکواڈ کو پی سی بی کے ایک ڈائریکٹر ، سیکیورٹی آفیسر اور ڈاکٹر نے گذشتہ دنوں خصوصی لیکچرز دیے۔

اس دوران انھیں بتایا گیا کہ ٹیم ہوٹل یا باہر اگر کوئی لڑکی زیادہ بے تکلف ہونے کی کوشش کرے تو اس کی حوصلہ افزائی نہ کریں، فکسرز آج کل اس انداز میں بھی پلیئرز کو پھنسانے کی کوشش کرتے ہیں، مداحوں کو آٹوگراف ضرور دیں مگر بات اس سے آگے نہ جائے، کھلاڑیوں سے کہا گیا کہ کہیں بھی جاتے ہوئے ہر صورت مینجمنٹ کو آگاہ کیا جائے، کسی سے کوئی تحائف نہ لیں۔ انھیں ڈوپنگ سے بچنے کیلیے بھی ہدایت دی گئیں، پلیئرز سے کہا گیا کہ وہ ملک کے سفیر بن کر بھارت جا رہے ہیں لہذا محتاط انداز سے رہیں، ان کی کوئی معمولی سی غلطی بھی مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔