ایم کیوایم اور مہاجر دشمنی میں سندھ حکومت تمام حدیں پار کرچکی وسیم اختر

صوبائی حکومت محکمہ تعلیم اورپولیس میں اندھیرنگری مچا کر چوراور ڈاکوؤں کو بھرتی کررہی ہے،رہنما ایم کیوایم


ویب ڈیسک December 03, 2014
سیکرٹری تعلیم خود کہہ چکے ہیں کہ محکمے میں اربوں کا گھپلہ ہوا ہمیں بتایا جائے کہ آخرعوام کا پیسا کہاں خرچ کیا جارہا ہے،وسیم اختر۔ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

KARACHI:

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ایم کیو ایم اور مہاجر دشمنی میں تمام حدیں پار کردی ہیں جب کہ صوبے میں بدترین طرز حکمرانی کے ریکارڈ توڑ دیئے گئے ہیں۔


کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ ہر بیان میں میرٹ کا راگ الاپتے ہیں لیکن حقیقیت یہ ہے کہ پیپلزپارٹی کے ذمہ دار اپنے ہی لوگوں کو سرکاری ملازمتیں دلاتے ہیں جب کہ محکمہ تعلیم اور پولیس میں اندھیر نگری مچا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں میرٹ والوں کو بھی نوکریاں نہیں ملتیں اور میرٹ کے نام پر بیوقوف بنایا جارہا ہے جب کہ ملازمتوں کے لئے امیدواروں سے پیسے بھی مانگے جاتے ہیں اور اب سیکریٹری تعلیم خود بھی کہہ چکے ہیں کہ محکمے میں اربوں کا گھپلا ہوا اور ہمارا حق ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ آخر عوام کا پیسا کہاں خرچ کیا جارہا ہے۔


وسیم اختر کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ چور اور ڈاکوؤں کو پولیس میں بھرتی کیا جارہا ہےاور حال ہی میں پولیس کا ٹیسٹ پاس کرنے والے 76 امیدوار ایسے ہیں جنہیں اب تک نوکری نہیں دی گئی جب کہ محکمہ تعلیم میں ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو تقرر نامے بھی نہیں دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بدترین طرز حکمرانی کی تمام حدیں پار ہوچکی ہیں اور جائز کام کے لئے بھی پیسے خرچ کرنا پڑتے ہیں، وزیراعلی بتائیں کہ وہ کون سے صوبے میں فرض ادا کر رہے ہیں۔

مقبول خبریں