انفیکشن زدہ خون کی منتقلی سے تھیلیسمیا کے 15 بچے ایڈز میں مبتلا

8 بچوں کا تعلق اسلام آباد راولپنڈی اور7 کا لاہور سے ہے، سائرہ افضل نے رپورٹ طلب کر لی


Monitoring Desk/Numainda Express December 05, 2014
ملک میں بے شمار لوگوں کو غیر محفوظ طریقے سے خون منتقل کیا جاتا ہے جس سے ہیپاٹائٹس اور دیگر جان لیوا امراض جنم لے رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

پنجاب میں تھیلیسمیا کے مرض کا شکار 15 بچے مبینہ طور پر انفیکشن زدہ خون لگنے سے ایڈز میں مبتلا ہوگئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خبرکا سخت نوٹس لیتے ہوئے مشیر صحت اور سیکریٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ محکمہ صحت پنجاب نے واقعے کی تحقیقات کیلئے ڈاکٹر محفوظ الرحمن کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی، ذرائع کے مطابق سرکاری و نجی اسپتالوں میں اسکریننگ شدہ خون کی فراہمی بڑا مسئلہ ہے، شعبہ انتقال خون کی ناقص کارکردگی کے باعث خون کی بیماری تھیلیسیمیا کا شکار 15 بچوں میں مبینہ طور پر انفیکشن زدہ خون کی منتقلی کی وجہ سے خون ٹیسٹ میں ایچ آئی وی ایڈزکی علامات سامنے آئی ہیں۔

آٹھ بچوں کا تعلق جڑواں شہروں اور7 کا لاہور سے ہے، ایک ڈاکٹر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملک میں بے شمار لوگوں کو غیر محفوظ طریقے سے خون منتقل کیا جاتا ہے جس سے ہیپاٹائٹس اور دیگر جان لیوا امراض جنم لے رہے ہیں، این این آئی کے مطابق نیشنل ہیلتھ سروسزکی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ انھوں نے ڈی جی صحت سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مقبول خبریں