آپکی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہےوزیراعظم

سینیٹ الیکشن کاجمہوری عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، ہرکامیاب انتخابی عمل سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے، پیغام


Monitoring Desk/APP/INP March 06, 2015
وزیر اعظم نوازشریف نے عمرہ ادائیگی کے بعد ملک کی خوشحالی کے لیے دعائیں کیں،فوٹو: ایکسپریس

وزیراعظم نواز شریف نے سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں سینیٹ انتخابات کا جمہوری عمل خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ ارکان اسمبلی نے انتخابات میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے جمہوری عمل کو مکمل کیا ہے۔

سعودی عرب سے اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ امیدواروں کی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ تمام منتخب ارکان ملکی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر الیکشن سے ملک میں جمہوری عمل مزید مضبوط اور مستحکم ہورہا ہے۔ ہر کامیاب انتخابی عمل سے ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں۔ دریں اثنا نواز شریف اپنے وفد کے ساتھ مکہ مکرمہ پہنچ گئے اور عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

وزیر اعظم نے نوافل کی ادائیگی کےعلاوہ نماز ظہر بھی مسجد الحرام میں ادا کی۔ نواز شریف کی مسجد الحرام میں آمد کے موقع پر بڑی تعداد میں پاکستانی وہاں موجود تھے۔ سعودی سیکیورٹی نے اس موقع پر خصوصی انتظامات کررکھے تھے تاہم وزیراعظم پاکستانیوں سے ملتے رہے۔ کئی پاکستانیوں نے ملکی صورتحال پر اپنی تشویش سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے انھیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں کچھ عرصے میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔

وزیراعظم نے خانہ کعبہ میں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں کیں۔ بعدازاں وزیراعظم روضہ رسولؐؐ پر حاضری دینے مدینہ منورہ پہنچے۔ مسجد نبویؐ پہنچنے پر پاکستانیوں نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ نواز شریف نے سعودی مفتی اعظم عبدالعزیز بن عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔علاوہ ازیںپاکستانی کمیونٹی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرا عظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات سے جمہوری عمل کا ایک اور مرحلہ پورا ہو گیا ہے ہم جمہوری اداروں کو مستحکم اور پروقار بنانے پر یقین رکھتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ 2018ء میں قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں اداروں کے انتخابات ہونگے جن کے لئے ہم تمام جماعتوں کے تعاون سے دور رس انتخابی اصلاحات کریں گے ۔وہ یہاں کر رہے تھے ۔انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات ماضی کی تمام خامیوں سے پاک ہوں گے ۔

مقبول خبریں