تھر میں غذائی قلت نے مزید 5 بچوں کو موت کی نیند سلا دیا

مٹھی: تھرپارکر میں غذائی قلت کا شکار مزید 5 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد طبی سہولیات کے فقدان کے باعث رواں برس جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 164 ہو گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھرپارکر کی تحصیل مٹھی کے سول اسپتال میں غذائی قلت اور طبی سہولیات کے فقدان کے باعث 5 مزید بچے جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 روز کا عبدالرزاق، 2 ماہ کا کیلو ماؤجی، 4 ماہ کا محمد حسین، 6 روز کی زبیدہ اور ایک نو زائیدہ بچہ شامل ہے۔ دوسری جانب سول اسپتال مٹھی میں اس وقت بھی 46 بچے زیرعلاج ہے۔

واضح رہے کہ تھرپارکر میں قحط سالی، غذائی قلت اور طبی سہولیات کے ققدان کے باعث رواں برس اب تک 164 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔