چاروں گرینڈ سلم میں فتح خوبا چکنا چور ہونے پر بھی سرینا کے حوصلے توانا

برا کھیل پیش نہیں کیا،حریف نےزیادہ عمدہ پرفارمنس سے کامیابی پائی (امریکی اسٹار)فتح کا زیادہ یقین نہیں تھا،روبریٹا ونسی


Sports Desk September 13, 2015
بُرا کھیل پیش نہیں کیا،حریف نے زیادہ عمدہ پرفارمنس سے کامیابی پائی (امریکی اسٹار)فتح کا زیادہ یقین نہیں تھا،روبریٹا ونسی فوٹو: اے ایف پی/فائل

SUKKUR: سیزن میں چاروں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا خواب چکنا چور ہونے کے باوجود سرینا ولیمز کے حوصلے بدستور توانا ہیں، انھوں نے کہا کہ میں نے بُرا کھیل پیش نہیں کیا بلکہ حریف روبریٹا ونسی نے زیادہ عمدہ پرفارمنس سے کامیابی پائی۔

دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز کا سفر گذشتہ دنوں یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں تمام ہوگیا تھا، جس کے بعد ان کا سابق جرمن پلیئر اسٹیفی گراف کا ریکارڈ برابر کرنے کا خواب ادھورا رہ گیا، انھوں نے 22 برس قبل لگاتار پانچ گرینڈ سلم جیتے تھے، اس ناکامی کے ساتھ ہی کیریئر کا 22واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کے لیے سرینا کا انتظار طویل ہوگیا، پریس کانفرنس میں عالمی نمبرون سرینا ولیمز نے کہا کہ میں نہیں سمجھتی کہ برا کھیل پیش کیا۔

دراصل میری حریف روبریٹا ونسی نے زیادہ عمدہ پرفارمنس سے فتح اپنے نام کی، اس نے اپنی سوچ سے بڑھ کر کھیل پیش کیا اورکیریئر کی بہترین ٹینس کھیلی، انھوں نے کہا کہ یہ ناکامی میرے لیے کتنی مایوس کن ہے میں اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی۔ کوچ پیٹرک موریٹوگلو نے کہا کہ اس ایونٹ میں سرینا پر دبائو دیگر پلیئرز کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھا، کیریئر کے اختتام پر وہ ہمیشہ اپنے عہد کی عظیم ترین چیمپئن کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب سیمی فائنل میں سرینا کے ہوش اڑانے والی اطالوی کھلاڑی روبریٹا ونسی نے کہا کہ میرے لیے یہ ناقابل فراموش لمحات ہیں، یہ بالکل خواب کی طرح ہے کہ میں سرینا کو ہرا کر یوایس اوپن کے فائنل میں پہنچی ہوں، مجھے یقین نہیں آرہا، میرے خیال میں یہ میری زندگی کے بہترین لمحات ہیں، ونسی نے امریکی شائقین سے معذرت بھی کی کیونکہ ان کی وجہ سے سرینا کا سیزن میں بیک وقت چاروں گرینڈ سلم ٹائٹل قبضے میں کرنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا۔

32 سالہ ونسی نے مزید کہا کہ آج میرا دن تھا، سرینا کیخلاف گذشتہ چاروں باہمی میچز ہارنے کی وجہ مجھے اپنی کامیابی کا زیادہ یقین نہیں تھا لیکن جب صبح سوکر اٹھی تو خود سے کہا کہ میں سیمی فائنل میں ہوں اورسرینا سے مقابلہ کرنا ہے،میں نے اپنی کوشش کی لیکن فتح کی قطعی امید نہیں تھی۔

سرینا کی ناکامی پر مینز عالمی نمبرون کھلاڑی سربیا کے نووک جوکووک نے بھی اظہار خیال کیا، انھوں نے کہا کہ یقینی طور پر سیمی فائنل میں ناکامی کے بعد سرینا کیلیے حالیہ صورتحال سے نمٹنا آسان نہیں ہوگا، البتہ وہ ایک عظیم چیمپئن اور ناکامی سے سبق سیکھنا جانتی ہیں، سرینا اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے زیادہ مضبوط پلیئر کے طور پر سامنے آئے گی۔

مقبول خبریں