کراچی میں بھتہ خور پھر سے سرگرم

کراچی کے100سےزائد تھانوں کو اپنےعلاقوں میں بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرزکاکھوج لگاناچاہیےجو روزہ داروں کہ بھی نہیں بخش رہے


Editorial June 22, 2016
لیاری میں گینگ وارکارندوں کی واپسی اورسرگرمیوں کاقلع قمع کیاجائےجن میں لیڈی گینگسٹرزکےبھی سامنےآنےکی اطلاعات آئی ہیں اسکرین گریب/ ایکسپریس نیوز

DHONKAL: کراچی میں بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز نے اپنے پر پرزے پھر سے نکالنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ، ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 13 دنوں میں14 افراد سٹریٹ کرمنلز، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کا نشانہ بنے، پیر کو شہر قائد سے 11 ملزمان گرفتار کیے گئے جو سٹریٹ کرائمز میں ملوث بتائے گئے، آئی جی سندھ نے ایک ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی جب کہ کراچی کے پوش علاقے کلفٹن سے ایک اعلیٰ شخصیت کے بیٹے کے لاپتا ہونے کی اطلاع کے بعد پورے صوبہ کی پولیس ریڈ الرٹ ہوگئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ ان کی بازیابی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

واضح رہے حال ہی میں بعض حساس اداروں کی طرف سے کراچی کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی متواتر کارروائیوں اور خود کش حملوں سے متعلق رپورٹ بھی میڈیا میں آئی ہے جس کے بعد ضروری ہے کہ سیکیورٹی پر مامور ادارے اور ان کے اہلکار ہمہ وقت چوکس اور الرٹ رہیں اور شہر قائد میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ نہ ہونے دیں ، دوسری طرف کراچی آپریشن کو متنازعہ بنانے کی کسی کوشش کو بھی کامیاب نہیں ہونا چاہیے، پولیس اور رینجرز سڑیٹ کرائمز میں اضافہ کا نوٹس لے ، لیاری میں گینگ وار کارندوں کی واپسی اور سرگرمیوں کا قلع قمع کیا جائے جن میں لیڈی گینگسٹرز کے بھی سامنے آنے کی اطلاعات آئی ہیں ۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گرفتار کارندے نے انکشاف کیا ہے کہ اس کی گرفتاری کے بعد اس کی بہن نے کمان سنبھال لی ہے۔

ادھر لیاری ، اولڈ ایریا اور شیر شاہ کباری مارکیٹ میں تاجروں اور دکانداروں کو بھتے کی پرچیاں اور لفافے میں پستول کی گولیاں بطور دھمکی ملی ہیں، تاجروں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں مجرمانہ سرگرمیون میں ملوث عناصر کراچی کو عید تک ٹارگت کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں،ان کا طریقہ واردات گزشتہ کئی برسوں سے یہی رہا ہے اس لیے رینجرز اور پولیس مشترکہ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہر کو پھر سے انارکی کی نذر نہ ہونے دے۔ بسوں اور کوچز میں بھی وارداتیں بڑھنے لگی ہیں، کراچی کے 100سے زائد تھانوں کو اپنے علاقوں میں بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کا کھوج لگانا چاہیے جو روزہ داروں کہ بھی نہیں بخش رہے اور پھر سے اپنی کمیں گاہوں اور مضافات میں واقع خفیہ ٹھکانوں سے نکل کر وارداتیں کررہے ہیں۔

مقبول خبریں