سزا یافتہ کرکٹرزپر پی ایس ایل کے دروازے کھلنے لگے

عامر کے بعد اب سلمان بٹ دوسرے ایڈیشن میں حصہ لینگے، آصف کو مزید انتظارکرنا پڑیگا


Sports Reporter June 30, 2016
عامر کے بعد اب سلمان بٹ دوسرے ایڈیشن میں حصہ لینگے، آصف کو مزید انتظارکرنا پڑیگا، فوٹو: فائل

اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹرزپر پی ایس ایل کے دروازے کھلنے لگے، محمد عامر کے بعد اب سلمان بٹ دوسرے ایڈیشن میں حصہ لے سکتے ہیں، کیس کے تیسرے کردار محمد آصف کو ڈومیسٹک کرکٹ میں غیر معیاری کارکردگی کے پیش نظر مزید انتظار کی سولی پر لٹکنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ کے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا امکان خاصا روشن ہے، برطانوی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیاکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنا پر اوپنرکا نام ڈرافٹنگ میں شامل کیا جا سکتا ہے، البتہ محمد آصف کے بارے میں یہ بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی، ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے بعد انھوں نے خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان بٹ نے اسپاٹ فکسنگ میں 5سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد قومی ایک روزہ ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں 107.20 کی اوسط سے536 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔محمد آصف نے اسی ٹورنامنٹ کے سات میچوں میں 27 کی اوسط سے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں،دونوں واپڈا کی جانب سے کھیلے تھے۔ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ تیسرے کرکٹر محمد عامر پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آ چکے اور پاکستان سپر لیگ میں انھوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کا اعزاز پایا تھا۔