ایک صوبے سے کامیاب ہوکر وفاق سنبھالنے کا سلسلہ جلد ختم ہونے والا ہے مولابخش چانڈیو

مسلم لیگ (ن) یہ ثابت نہ کرے کہ پنجاب میں فرشتوں اور باقی صوبوں میں چوروں کی حکومت ہے، مولا بخش چانڈیو


ویب ڈیسک July 05, 2016
مسلم لیگ (ن) اب صرف علاقائی اور اقلیتی جماعت رہ گئی ہے جلد ہی ایک صوبے سے جیت کر پورا ملک سنبھالنے کا سلسلہ ختم ہوجائے گا،صوبائی مشیر اطلاعات، فوٹو؛ پی پی آئی

مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت پنجاب میں فرشتوں اور باقی صوبوں میں چوروں کی حکومت ثابت کرنے کی کوشش نہ کرے جلد ہی ایک علاقے سے کامیاب ہوکر وفاق سنبھالنے کا سلسلہ رکنے والا ہے۔

حیدر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعت سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اب صرف علاقائی اور اقلیتی جماعت رہ گئی ہے، ن لیگ یہ ثابت نہ کرے کہ پنجاب میں فرشتوں اور دیگر صوبوں میں چوروں کی حکومت ہے ایک صوبے سے دھاندلی کے ذریعے کامیاب ہوکر پورے ملک کی حکمرانی کرنے کا سلسلہ رکنے والا ہے ۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اقلیتوں اور خواتین پرمظالم ڈھائے جاتے ہیں اور پورے صوبے میں تھانہ کلچر عام ہے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ہمیں گناہ گار ثابت کرنے کے بجائے خود کو احتساب کےلئے پیش کریں ۔ چوہدری نثار سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں وہ بحیثیت وزیرداخلہ غلطیوں کی نشاندہی کریں تو اچھا لگتا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم اپنے قائد کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں اور کوڑے برداشت کرسکتے ہیں لیکن چوہدری نثار اپنے قائد کے لئے جیل بھی نہیں جاسکتے بلکہ منتیں کرکے خود کو گھر میں نظر بند کرانا پسند کرتے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ میں اپنے حقوق کےلئے احتجاج کیا جائے تو مذاق اڑایا جاتا ہے چھوٹے صوبوں کی رائے کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے لیکن پھر بھی ہم وزیراعلیٰ پنجاب کی طرح احتجاج کے راستے پر نہیں چلناچاہتے صرف مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے محافظ اورعدلیہ تمام تر صورتحال کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما معاملے کو اس طرح حل کریں جیسے دنیا کررہی ہے ورنہ یہ معاملہ شریف برادارن کو ماردے گا شریف برادران اپنے طرف بڑھنے والے اداروں کوتو روک سکتے ہیں لیکن بلاول بھٹو کو نہیں روک سکتے چئیرمین پیپلز پارٹی اب میدان میں آگئے ہیں اس لئے سب کی نیندیں حرام ہورہی ہیں وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو ذرداری کم عمر ترین وزیر اعظم بنیں گے

مقبول خبریں