کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن غیرملکیوں سمیت 16 مشتبہ افراد گرفتار

سیکیورٹی فورسز نے خروٹ آباد، سریاب روڈ، غوث آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کومبنگ آپریشن کئے


ویب ڈیسک September 11, 2016
کومبنگ آپریشن کے دوران گرفتار کئے گئے ملزمان کے قبضے سے دیسی ساختہ بارودی سرنگ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، ترجمان ایف سی : فوٹو : فائل

سیکیورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن کے دوران 6 افغان باشندوں سمیت 16 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران 6 افغان باشندوں سمیت 16 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی سرنگ بھی برآمد ہوئی ہے۔

ایف سی ترجمان کے مطابق سریاب روڈ سے گرفتار کئے گئے 4 افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن کے قبضے سے اسلحہ اور ممنوعہ لیٹریچر برآمد ہوا ہے۔ خروٹ آباد ، غوث آباد اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران بھی 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ائرپورٹ روڈ سے گرفتارکئے گئے غیر قانونی طور پر مقیم 6 ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ممنوعہ مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

ایف سی ترجمان کے مطابق چھتر کے علاقے ربیع کینال میں فورسز نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دیسی ساختہ بارودی سرنگ برآمد کرلی ہے جبکہ سرنگ کو ناکارہ بنا کر ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

مقبول خبریں