اسٹیل ملزکومنافع بخش ادارہ بناناترجیح ہےوزیراعظم

نئی انتظامیہ کابزنس پلان ادارے کی کامیابی کاسبب بنے گا،اجلاس سے خطاب


Numainda Express July 27, 2012
نئی انتظامیہ کابزنس پلان ادارے کی کامیابی کاسبب بنے گا،اجلاس سے خطاب فائل فوٹو

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو ایک منافع بخش ادارہ بنانا ایک بہت بڑا چیلنج اور ہماری اولین ترجیح ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں انھوں چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ اسٹیل ملز کی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ایس آراوز کے معاملات حل کریں ، وزیراعظم نے اسٹیل ملزکی نئی انتظامیہ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مرتب کردہ بزنس پلان ادارے کی کامیابی کا سبب بنے گا،

وزیراعظم نے اس موقع پر اسٹیل ملزکا دورہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء آزادکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید ، سینئر وزیر چوہدری یاسین نے وزیراعظم سے ملاقات کی ، اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر میاں منظور وٹو بھی موجود تھے، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ لوئر ٹوپہ کوہالہ دو رویہ کیرج وے کو رواں پی ایس ڈی پی میں ترجیح دی جائے گی، پولیس دستے میں اضافے کیلیے وفاق مدد فراہم کرے گا ،

آزادکشمیر میں پانی کی قلت کیلیے اقدامات کیے جائیں گے ، اگلے ماہ پونچھ میڈیکل کالج میں کلاسوں کااجرا کیا جائے گا، وزیراعظم نے اس موقع پر آزاد کشمیر کیلیے ایل پی جی کوٹہ میں 7 فیصد اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم سے رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر ، پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر حیدر زمان قریشی، شوکت بسرا اور خواجہ رضوان بھی ملے ۔ وزیراعظم سے ڈنمارک، جنوبی کوریا، اٹلی اور جاپان کے سفیروں اور سری لنکن ہائی کمشنر نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں، اس دوران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے