ورلڈکپ میں پاکستان بلائنڈ ٹیم کی آج بھارت روانگی

سفر کا آغاز کیویز کیخلاف میچ سے ہوگا، یکم فروری کو میزبان ٹیم سے مقابلہ


Sports Reporter January 28, 2017
ابتدائی ورلڈ ٹی 20 کپ 2012ء میں بھی پاکستان ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ فوٹو: فائل

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم دوسرے ٹوئنٹی 20ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے ہفتے کی صبح 9 بجے بھارت روانہ ہو گی، روانگی سے قبل قومی ٹیم کی میڈیا بریفنگ صبح 8 بجے مقامی ہوٹل میں ہوگی۔

میگا ایونٹ 30جنوری سے 12 فروری تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں 10 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے لیے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل حکام کے مطابق 17 کھلاڑیوں اور 3 آفیشلز پر مشتمل 20 رکنی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے ہفتے کی صبح9 بجے بھارت روانہ ہو گی، محمد جمیل ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ انیس جاوید نائب کپتان ہوں گے۔ ہمسایہ ملک جانے والوں میں عامر اشفاق، ریاست خان، محمد ایاز، ساجد نواز، ظفر اقبال، ادریس سلیم، بدرمنیر، انیس جاوید، نثار علی (وکٹ کیپر)، ایوب خان، مطیع اللہ، محمد جمیل (کپتان) محمد اکرم، ثناء اللہ، محسن خان، محمد اعجاز اور اسرار الحسن شامل ہیں۔ آفیشلز میں عبدالرزاق کوچ، حبیب اللہ منیجر اور طاہر محمود بٹ بطور ٹرینر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کپ کی افتتاحی تقریب 29 جنوری کو ہوگی جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 30 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، دوسرے میچ میں گرین شرٹس انگلینڈ کیخلاف میدان میں اتریں گے جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں یکم فروری کو مدمقابل ہوں گی۔ ایونٹ میں پاکستان مجموعی طور پر 9 میچ کھیلے گا۔

یاد رہے کہ ابتدائی ورلڈ ٹی 20 کپ 2012ء میں بھی پاکستان ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی تاہم فیصلہ کن مقابلے میں اسے بھارت کے ہاتھوں 29 رنزسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔