ایران سے ڈیوس کپ ٹائی پاکستان کامیابی کیلیے پُر عزم

ملک انٹرنیشنل اسپورٹس کیلیے محفوظ بن چکا، گروپ ون میں واپسی کی امید ہے، رشید، اعصام


Sports Reporter February 02, 2017
مہمان ٹیم سیکیورٹی سے مطمئن ہے۔ فوٹو: ڈیوس کپ/فائل

QUETTA: قومی ڈیوس کپ ٹیم کے نان پلیئنگ کپتان رشید ملک اور اعصام الحق انٹرنیشنل ایونٹ میں کامیابی کیلیے پُرعزم ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشیانا گروپ ٹو ٹائی کے حوالے سے اعصام الحق، عقیل خان، عابد علی اکبر اور محمدعابد کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان ٹیم کے نان پلیئنگ کپتان رشید ملک نے کہا کہ 12 سالہ طویل عرصے کے بعد پاکستان کو میزبانی ملنا خوش آئند ہے۔ ڈیوس کپ کے پاکستان میں انعقاد کے بعد دیگر انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کے دروازے بھی کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان نے بار بار میزبانی کا موقع گنوایا لیکن اب موقع ملنے پر فیڈریشن نے شاندار انتظامات کیے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ایران کو ہم آسان نہیں سمجھیں گے، ٹائی میں کامیابی کیلیے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاریاں کی ہیں، اعصام الحق اور عقیل خان بھر پور فارم میں ہیں اور ڈیوس کپ کی ٹائی میں کامیابی کیلیے پُرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے محفوظ ملک ہے، ایران کی جانب سے ڈیوس کپ ٹائی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی درخواست پر شدید حیرانی ہوئی لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ انٹرنیشنل فیڈریشن نے اسے مسترد کرتے ہوئے میزبانی پاکستان کو ہی دی۔

دوسری جانب ڈیوس کپ گروپ ون سے گروپ ٹو میں تنزلی کے سوال پر رشید ملک نے کہا کہ طویل عرصے سے ڈیوس کپ کی میزبانی نہ ملنے کے باعث ہماری کارکردگی متاثر ہوئی، ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے اور رواں سال گروپ ون میں واپسی کیلیے پُرامید ہیں۔

ادھر اعصام الحق کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد اپنے عوام کے سامنے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، ٹائی میں کامیابی کیلیے پُر امید ہیں، ایران کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

ایران ٹینس ٹیم کے نان پلیئنگ کپتان سعید احمد وند نے سیکیورٹی کے حوالے سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہماری سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن تمام عمل کی نگرانی کر رہی ہے، انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں اور ہم اسلام آباد کی میزبانی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ایک سوال پر ایرانی کپتان نے کہا کہ پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں، اس کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے جبکہ یہاں کے کھانے بہت پسند آئے ہیں۔ ڈیوس کپ کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ میزبان ٹیم فیورٹ ہے لیکن ایران میچ میں ٹف ٹائم دے گا۔