یوم باب الاسلام آج جوش و خروش سے منایا جائے گا

فاتح سندھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے سیمینار، مذاکرے اور دیگر پروگرام منعقد ہونگے


Staff Reporter July 30, 2012
فاتح سندھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے سیمینار، مذاکرے اور دیگر پروگرام منعقد ہونگے

یوم باب الاسلام آج (دس رمضان) کراچی سمیت سندھ بھر میں نہایت جوش و خروش سے منایا جائیگا، اس سلسلے میں مختلف جماعتوں کے تحت مذاکرے، سیمینار و دیگر تقریبات منعقد ہوں گی، جماعت اسلامی سندھ کے تحت یوم باب الاسلام کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے، سیمینار اور اجتماعات میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں کے علاوہ علما کرام، دانشور غازی سندھ محمد بن قاسم کی دینی خدمات اور ان کے عظیم کارناموں پر روشنی ڈالیں گے۔

انجمن نوجوانان اسلام کے زیراہتمام باب الاسلام کانفرنس بعد نماز عصر ریحانہ پیلس بالمقابل یوسف پلازہ انچولی سوسائٹی میں منعقد ہوگی جس کی صدارت طارق محبوب کریں گے، تقریب سے پروفیسر انوار احمد زئی کے علاوہ علما و مشائخ، سیاسی و سماجی رہنما خطاب کریں گے، پاسبان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ محمد بن قاسم نے وادی سندھ میں راجہ داہر کی قید سے مظلوم عورتوں اور بچوں کو آزاد کراکے ظلم و ناانصافی کیخلاف ایک مثال قائم کی، متحدہ علما محاذ کے زیر اہتمام فاتح باب الاسلام سندھ مجاہد امت محمد بن قاسم سیمینار منعقد ہوا۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان میںاسلامی انقلاب، امریکی غلامی سے نجات اور امن و عدل کیلیے محمد بن قاسم جیسی صالح قیادت کی ضرورت ہے، سیمینار سے مفتی محمد اسلم نعیمی، مرزا یوسف حسین و دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا، سنی علما کونسل کے زیر اہتمام یوم باب الاسلام کے حوالے سے جامع مسجد خواجہ غریب نواز ؒ سرجانی ٹائون میں تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت کرتے ہوئے سنی علما رابطہ کونسل کے چیف آرگنائزر مولانا محمد عثمان غوری نے کہاکہ معرکہ دیبل کے بعد سندھ کی فتح اس خطے میں دین اسلام کی آمد، آبیاری اور فروغ کا ذریعہ بن گئی۔

مقبول خبریں