مصباح الحق کا ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اپريل 2017
کیرئیر میں جتنی بھی کرکٹ کھیلی اس پر مطمئن ہوں، مصباح الحق۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز۔ فوٹو؛ فائل

کیرئیر میں جتنی بھی کرکٹ کھیلی اس پر مطمئن ہوں، مصباح الحق۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز۔ فوٹو؛ فائل

 لاہور: ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے بعد مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میرے کرکٹ کیرئیر کی آخری سیریز ہو گی، کوشش ہو گی کہ اس سیریز میں بہتر پرفارم کر کے اپنی آخری سیریز کو یادگار بناؤں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیرئیر میں جتنی بھی کرکٹ کھیلی اس پر مطمئن ہوں لیکن پاکستان کے لئے ورلڈ کپ جیتنا میرا خواب تھا جو پورا نہ ہو سکا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف مصباح الحق کی آخری ٹیسٹ سیریز ہوگی،شہریارخان

مصباح الحق نے کہا کہ کپتان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہونا چاہیئے، ہمیں سرفراز احمد پر زیادہ دباؤ نہیں ڈالنا چاہیئے بلکہ سب کو اسے سپورٹ کرنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے سیریز نہ ہونے پر افسوس ہے لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ عرصے تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ہمیشہ مجھے سپورٹ اور اعتماد کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر نمبر ون بنی تو یہ میرے لئے سب سے یادگار لمحہ تھا جب کہ بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میں شکست ناقابل فراموش لمحہ تھا۔

واضح رہے کہ مصباح الحق نے 2011 میں ٹی ٹوئنٹی اور 2015 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان گزشتہ برس ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون ٹیم بنی اور ان کی قیادت میں قومی ٹیم ہمیشہ یکجا ہو کر کھیلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔