نیلسن منڈیلا کے انتقال پر دنیا بھر میں سوگ تدفین 15 دسمبر کو ہوگی

منڈیلا کی جدوجہد مشعل راہ ہے، شریف برادران، زرداری، بلاول اورعمران کاخراج عقیدت


Numainda Express/News Agencies December 07, 2013
دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے نیلسن منڈیلا کی وفات کو ذاتی دکھ سے تعبیر کیا۔فوٹو:فائل

KARACHI: جمہوریت کے لیے ساری زندگی سرگرم عمل رہنے والے اور جمہوری روایات کی پاسداری کیلیے برسوں جیل میں رہ کر دنیاکواپنا گرویدہ بنانے والے نیلسن منڈیلاکے انتقال پر پاکستان سمیت پوری دنیا سوگوارہے۔

دنیا بھر کے سربراہان مملکت نے نیلسن منڈیلا کی وفات کو ذاتی دکھ سے تعبیر کیاہے جبکہ مختلف مذاہب اوررنگ و نسل کے لوگ جنوبی افریقہ کی نامورشخصیت کے انتقال پرسکتے کی کیفیت میں ہے۔جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کہاہے کہ نیلسن منڈیلا کی تدفین15 دسمبر کو ان کے آبائی گائوں قونو میں ہوگی۔جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زومانے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی افریقہ کے سابق صدرنیلسن منڈیلا کیلیے اتوار کو یوم دعامنایاجائے گا اور10دسمبرکوسرکاری طورپرجنوبی افریقہ کے تمام صوبوں میں میموریل سروس ہوگی۔جمعرات کی شب جہاں جوہانسبرگ میں ان کی رہائش گاہ کے باہرموجود ایک بڑاہجوم ان کے دعا کرتا رہا وہیں کچھ نے نسل پرستی کیخلاف نغمے گاکراپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔



دنیا بھر کے شہروں میں لوگوں نے اکٹھے ہوکر نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا،کئی جگہوں پر ان کی یاد میں پھول رکھے گئے۔ قومی و عالمی رہنمائوں نے نیلسن منڈیلا کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔صدر مملکت ممنون حسین نے نیلسن منڈیلا کی وفات کو جمہوری دنیا میں ایک خلا قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیلسن منڈیلا جبر اورنا انصافی کیخلاف غیر متزلزل عزم اور جدوجہد کی علامت ہیں،مقدس مقصد سے ان کی بے لوث لگن ہمہ وقت یادرکھی جائے گی۔۔



پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے نسل پرستی اور انسانی غلامی کے خلاف ان کی عظیم الشان کامیاب جدوجہد پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ نیلسن منڈیلا نے کمزور اور امتیازی و غیرانسانی سلوک کا شکار لوگوں کیلیے جو قربانیاں دیں،تاریخ انھیں سنہری الفاظ میں لکھے گی۔پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہاہے کہ جمہوریت کے عظیم رہنمانیلسن منڈیلا کی جدوجہد پوری دنیا کیلیے مشعل راہ ہے، انکی قربانیوں اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیلسن منڈیلا ایک ایسی متاثر کن شخصیت کے مالک تھے کہ جنھوں نے پوری زندگی نسلی تفریق کیخلاف اپنی عظیم جدوجہد کو نہ تو ترک کیا اور نہ ہی اس پر سمجھوتہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تعزیتی پیغام میں کہاہے کہ نسلی امتیاز کے خلاف نیلسن منڈیلا کی جدوجہد ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ امریکی صدر اوباما نے کہاکہ منڈیلا کی موت سے دنیاایک حوصلہ مند اور متاثر کن شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ فلسطینی و اسرائیلی رہنما امن مذاکرات کیلیے نیلسن منڈیلاکی جدوجہد سے رہنمائی حاصل کریں۔یورپی یونین،یورپی کمیشن ،برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اورملکہ الزبتھ ،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی منڈیلا کوعظیم شخصیت قراردیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیاہے۔

مقبول خبریں