علماء کسی بھی جرنیل سے زیادہ ملک کے وفادار ہیں مولانا فضل الرحمن

مدارس میں پڑھنے والے طلبا پاکستان کے سپاہی ہیں، ننگا نہیں باپردہ پاکستان چاہتے ہیں


Numaindgan Express November 02, 2015
علما مدارس، مساجد یا محراب تک محدود نہ رہیں بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے علاقوں میں جائیں، فضل الرحمان۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کا کوئی جرنیل ملک سے وفاداری کا دعویدار ہے تو ہم اس سے زیادہ وفادار ہیں۔

گزشتہ روز ملتان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام بلدیاتی تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ علما مدارس اور اس میں پڑھنے والے طالب علم پاکستان کے سپاہی ہیں، ایک اشارے پر ملک وقوم کی خاطر جان دینے کو تیار ہیں، 21 ویں ترمیم اور حقوق نسواں بل کے ذریعے ملک کو ننگا پاکستان بنانے کی سازش کی جا رہی ہے لیکن ہم ملک کو باپردہ پاکستان بنائیں گے، کارکن بلدیاتی الیکشن میں جاگیرداروں اور وڈیروں کے سامنے سر اٹھا کر چلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام دنیا کا پرامن مذہب ہے، امریکا اور مغربی لابی اسلامی نظام سے خوفزدہ ہوکر امت مسلمہ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے جس کی وجہ سے سعودی عرب، شام، عراق کا امن خطرے میں پڑگیا ہے، یہودی لابی امت مسلمہ پر معاشی اور اقتصادی لحاظ سے اپنا تسلط چاہتی ہے۔

مولانا فصل الرحمان نے کہا کہ علما مدارس، مساجد یا محراب تک محدود نہ رہیں بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے علاقوں میں جائیں، دہشتگردی کی آڑ میں مدارس پر چھاپے مارے جا رہے ہیں لیکن کسی مدرسے سے کوئی چاقو تک برآمد نہیں ہوا۔ قبل ازیں جھنگ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنا راہداری منصوبہ سامراجی قوتوں کی آنکھوں میں مسلسل کھٹک رہا ہے مگر یہ منصوبہ ہر صورت مکمل ہوگا۔

مقبول خبریں