ہمایوں سعید مجھے ذلیل وخوار کرکے میری تعریف کررہے ہیں ؟ عدنان صدیقی کا شکوہ

ویب ڈیسک  منگل 26 نومبر 2019
اس ایک تھپڑ نے شہوار کو دنیا بھر میں دو ٹکے کا کردیا، عدنان صدیقی کا مزاحیہ ٹوئٹ فوٹوفائل

اس ایک تھپڑ نے شہوار کو دنیا بھر میں دو ٹکے کا کردیا، عدنان صدیقی کا مزاحیہ ٹوئٹ فوٹوفائل

کراچی: اداکار عدنان صدیقی نے ہمایوں سعید سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مجھے ذلیل و خوار کرنے کے بعد میری تعریف کررہے ہو۔

پاکستان میں اس وقت ڈراما سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘مقبولیت میں تمام ڈراموں کو پیچھے چھوڑ چکا ہے ۔ سوشل میڈیا پر جہاں اس ڈرامے کےڈائیلاگز(مکالموں)کی دھوم مچی ہوئی ہے وہیں ڈرامے کے مرکزی اداکاروں ہمایوں سعید ، عدنان صدیقی اورعائزہ خان کی اداکاری نے بھی لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وہ تمام اداکارجنہوں نے ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کو ٹھکرایا

ڈرامےکی کہانی سے جہاں لوگ جذباتی طور پر جڑ گئے ہیں وہیں ڈرامے میں کام کرنے والے اداکار بھی ہر ہفتے نئی قسط نشر ہونے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار سوشل میڈیا پر کرتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ڈراماسیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘کی 13 ویں قسط میں ہمایوں سعید کا عدنان صدیقی کو تھپڑ مارنے والا سین بہت زیادہ وائرل ہوا اور لوگوں نے عدنان صدیقی اورہمایوں سعید کو بہترین اداکاری کرنے پر ایک بار پھر خوب داد دی۔

ہمایوں سعید نے لوگوں کی محبتوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے اس سین کا کریڈٹ عدنان صدیقی کو دیتے ہوئے کہا کہ عدنان صدیقی کی بہترین اداکاری کی وجہ سے یہ سین اتنا کامیاب ہوا۔

ہمایوں سعید کی ٹوئٹ کے جواب میں عدنان صدیقی نے دلچسپ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’صاحب تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا پیار سے لگتا ہے، اس ایک تھپڑ نے شہوار کو دنیا بھر میں دو ٹکے کا کردیا‘‘۔ بعد ازاں عدنان صدیقی مزاحیہ انداز میں ہمایوں سے شکوہ کرتے نظر آئے کہ ’’دنیا کے سامنے ذلیل وخوار کرکے مجھے آپ میری اداکاری کی تعریف کررہے ہیں؟‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔