کرینہ نے شاہ رخ کے ساتھ فلم میں کام سے کیوں انکار کیا؟

ویب ڈیسک  بدھ 28 جون 2017
فی الحال کسی بھی فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے سکتی، کرینہ کپور۔ فوٹو: فائل

فی الحال کسی بھی فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے سکتی، کرینہ کپور۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کی بیگم کرینہ کپور خان نے بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فی الحال کسی بھی فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے سکتیں۔

بھارتی فلم انڈسٹری کی بے بو کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بالی ووڈ میں نئے آنے والے اداکاروں یا کم شہرت یافتہ اداکاروں کی بجائے صف اول کے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتی ہیں لیکن پھر ایسا کیا ہوا کہ انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کی پیشکش ٹھکرادی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کرینہ کپور کا کئی بڑی فلموں میں کام سے مسلسل انکار 

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ان دنوں ہدایت کار آنند لال رائے کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ انوشکا شرما اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی تاہم ہدایت کار کی پہلی پسند کرینہ کپور تھیں، آنند لال رائے نے اداکارہ سے رابطہ بھی کیا تھا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

کرینہ کپور نے فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ شاہ رخ کے ساتھ فلم کی آفر آنے سے پہلے ہی ششانک گھوش کی فلم ’’ویرے دی ویڈنگ‘‘ سائن کرچکی تھیں لہٰذا تاریخوں میں تصادم کی وجہ سے انہوں نے شاہ رخ کی فلم میں کام سے انکار کر دیا۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ تیمور کی پیدائش کے بعد ان کے وزن میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا تھا اور وہ ان دنوں اپنا وزن کم کرنے میں مصروف ہیں، اس لیے فوراً کسی بھی فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے سکتیں۔ ان کے انکار کے بعد ہدایت کار آنند لال رائے نے انوشکا شرما کو فلم میں کاسٹ کر لیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کرینہ کپور نے اپنےنام کے ساتھ خان لگانے سے انکارکردیا

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم (جس کانام ابھی تک تجویز نہیں کیا گیا) کے بارے میں پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے اس فلم کیلئے جو ٹیکنا لوجی استعمال کی ہے وہ بھارتی سنیما میں بہت کم استعمال ہوئی ہے لہٰذا شائقین کو فلم میں ایک نئی چیز دیکھنے کو ملے گی، خیال رہے کہ فلم میں شاہ رخ خان بونے (پستہ قد) آدمی کا کردار ادا کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔