ڈائریکٹر سی آئی اے کی سربراہ شمالی کوریا سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

ویب ڈیسک  بدھ 18 اپريل 2018
ڈائریکٹر سی آئی اے کی اس خفیہ ملاقات کا مقصد ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن میں متوقع ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ڈائریکٹر سی آئی اے کی اس خفیہ ملاقات کا مقصد ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن میں متوقع ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

واشنگٹن ڈی سی: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو نے یکم اپریل 2018 کے روز شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کیا جس میں انہوں نے شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن سے ملاقات بھی کی تھی۔

اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس خفیہ ملاقات کا مقصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن میں جلد ہی متوقع ایک ملاقات کی تفصیلات طے کرنا تھا۔

قبل ازیں جاپانی وزیراعظم شِن زو آبے سے فلوریڈا میں ایک ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیانگ یانگ کے ساتھ اعلیٰ سطح پر بات چیت جاری ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے: ’’ہماری اعلیٰ ترین سطح پر براہ راست بات چیت ہوئی ہے اور اس وقت وہ پانچ مقامات زیر غور ہیں جہاں میری کم جونگ اُن سے ملاقات ہوسکتی ہے۔‘‘ البتہ ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ مذکورہ ملاقات میں کون کون شریک تھا۔

اندازہ ہے کہ یہ ملاقات اس سال جون میں کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر اور شمالی کوریائی قیادت میں یہ خفیہ ملاقات 2000 کے بعد امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر رابطہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن میں متوقع ملاقات کی خبریں مارچ میں سامنے آئی تھیں جو دنیا کےلیے نہایت حیرت انگیز تھیں کیونکہ اس سے ایک سال پہلے تک ان دونوں سربراہان کے درمیان لفظی جنگ جاری تھی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کی ذات پر حملے کیے اور دھمکیاں تک دی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔