80 سالہ شخص نے خاتون کو قتل کرکے خودکشی کرلی

فائرنگ کے واقعے میں زخمی شخص کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے


ویب ڈیسک May 04, 2018
امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو : فائل

مل ویلی کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں 80 سالہ شخص نے فائرنگ کرکے ایک خاتون کو ہلاک اور ایک شخص کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلیفورنیا اپارٹمنٹ کمپلیکس میں 80 سالہ شخص نے ایک خاتون پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں جب کے خاتون کے ہمراہ موجود شخص زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حملہ آور نے بعد ازاں اسی پستول سے خود کشی کرلی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رہائشی علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے اپارٹمنٹ کا محاصرہ کرلیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران اپارٹمنٹ کی بالائی منزل سے حملہ آور شخص کی لاش بر آمد کرلی جب کہ لاش کے قریب ہی آلہ قتل بھی موجود تھا۔ تاحال واقعے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔ تفتیش کا عمل جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ وہ جلد قتل کے محرکات تک پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے ٹرمپ انتظامیہ کو اسلحہ کے لائسنس کے اجراء کے حوالے سے قوانین کو سخت کرنے کےلیے بھی عوامی دباؤ کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں