ہاکی فیڈریشن کی کمان پھر’’پرانے ہاتھوں‘‘ کے سپرد

انتخابات میں خالد سجاد کھوکھر ایک بار پھر آئندہ 4 سال کیلیے صدر اور شہباز احمد سیکریٹری منتخب


Sports Reporter May 16, 2018
انتخابات میں خالد سجاد کھوکھر ایک بار پھر آئندہ 4 سال کیلیے صدر اور شہباز احمد سیکریٹری منتخب، فوٹو:فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کمان پھر ''پرانے ہاتھوں'' کے سپرد ہوگئی۔

انتخابات میں بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر ایک بار پھر آئندہ 4 سال کیلیے صدر اور شہباز احمد سینئر سیکریٹری جنرل منتخب ہوگئے، نو منتخب صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجادکھوکھر کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوچ کو لانا مجبوری تھی، بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم تشکیل دے کر قومی کھیل کا سنہری دور واپس لائیں گے، تمام توجہ ایشین گیمز کے بعد اولمپکس پر مرکوز ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا، گذشتہ روز فیڈریشن کے انتخابات اسلام آباد میں منعقد ہوئے جس میں آئندہ 4 برسوں کیلیے نئے عہدیداروں کا انتخاب ہوا۔ چیف الیکشن کمشنر پاکستان ہاکی فیڈریشن چوہدری محمد ریاض کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر صدر اور شہباز سینئر سیکریٹری منتخب ہوگئے ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق خالد انور خواجہ، سید غلام مصطفی شاہ، محمد سعید خان اور چوہدری اسماعیل گجر وائس پریذیڈنٹ جبکہ محمد اخلاق عثمانی خزانچی منتخب ہوگئے ہیں۔

پی ایچ ایف اجلا س میں 93 ممبر ز نے شرکت کی بعد ازاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دور ان صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ 4 برسوں میں اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم تشکیل دیں جو عالمی مقابلوں کے دوران کامیابیاں سمیٹ سکے۔ انھوں نے کہاکہ غیر ملکی کوچ کو لانا مجبوری تھی، غیر ملکی فزیکل ٹرینر بھی پلیئرزکی تربیت کر رہا ہے، ایشین گیمز کے بعد اولمپکس پر نظر ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ کیلیے اچھی ٹیم بنائیں۔

50 لاکھ گرانٹ کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کے انعامات کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے، دلی خواہش ہے کہ ریگولر فنڈز ملتے رہیں۔ ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ لاہور ہائی کورٹ نے ہمیں انتخابات سے نہیں روکا تاہم لاہور ہائی کورٹ نے جواب جمع کرانے کا کہا ہے۔ بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہاکہ اتفاق رائے سے فیڈریشن کے عہدیداران کا چناؤ عمل میں لایا گیا جبکہ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں فیڈریشن کے نمائندوں کا انتخاب ہوا۔

انھوں نے کہاکہ بعض ایسوسی ایشنز سے متعلق شکایات پی ایچ ایف کے الیکشن کمیشن کے پاس آئی تھی اور جہاں شکایات تھیں وہاں الیکشن نتائج جاری نہیں کیے گئے جبکہ جو لوگ عدالتوں میں گئے ان کا کچھ نہیں کہہ سکتے۔ انھوں نے کہاکہ ملک میں ماضی میں ڈومیسٹک ہاکی تھی نہ اسٹرکچر لیکن آج قومی ٹیم کیلیے کھلاڑیوں کا پول دستیاب ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ فیڈریشن کا اصل ہدف ایشین گیمز میں کامیابی ہے، ایشین گیمز میں گولڈ میڈل لیا تو اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرینگے جبکہ چیمپئنز ٹرافی میں ہمیں وائلڈ کارڈ ملا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں