فٹبال ورلڈ کپ؛ یورا گوئے سے شکست پر مصری اداکار جان کی بازی ہار گیا

ویب ڈیسک  اتوار 17 جون 2018
عصام کے دماغ کی شریان پھٹ گئی جس کے بعد وہ کومے میں چلے گئے، ساتھی اداکار : فوٹو : سوشل میڈیا

عصام کے دماغ کی شریان پھٹ گئی جس کے بعد وہ کومے میں چلے گئے، ساتھی اداکار : فوٹو : سوشل میڈیا

قاہرہ: ورلڈکپ فٹبال کے میچ میں یورا گوئے کے ہاتھوں شکست پر ماہر عصام نامی اداکار دلبرداشتہ ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے ایک میچ میں یورا گوئے کے ہاتھوں اپنے ملک کی شکست سے دلبرداشتہ ہونے والا مصری اداکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ 38 سالہ اداکار ماہرعصام کے ساتھی فنکار شریف ادریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ماہر صیام کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعے کے روز ہونے والے میچ میں یوراگوئے کے ہاتھوں مصر کی شکست پر شدید صدمے سے دوچار ہوا اور وہ اس صدمے کو برداشت نہ کرسکا اور اس کے دماغ کی شریان پھٹ گئی جس کے بعد وہ کومے میں چلا گیا، انہیں فوری طور پر امبابا اسپتال پہنچایا گیا اور  طبیعت زیادہ بگڑنے پر انہیں ایک دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 2 دن تک ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور مالک حقیقی سے جاملے۔

شریف ادریس کا کہنا ہے کہ عصام کو 2014 میں بھی ایسی ہی ایک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ کئی روز تک کومے میں رہے، میری صحت کے مسائل سے دوچار افراد سے درخواست ہے کہ وہ کھیل کے مقابلے دیکھنے سے گریز کریں تاکہ انہیں کسی ناگہانی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔