گرمی حبس اور دل کے دورے فوجی جوان اور پولنگ افسر سمیت 15 جاں بحق

ریاض راولپنڈی اسٹیڈیم روڈپرووٹ ڈال کر باہرنکلاتودل کادورہ پڑا،گوجرخان میں دل کادورہ فوجی اہلکارکے لیے جان لیواثابت ہوا


Numaindgan Express July 26, 2018
لیہ میں پولنگ افسر،2خواتین چل بسیں،عمرکوٹ اور وہاڑی میں بھی 2 افراد کی ہلاکتیں، دیگر علاقوں میں متعددکی حالت غیر۔ فوٹو:فائل

عام انتخابات کے موقع پر پولنگ کے دوران گرمی، حبس اور دل کے دورے پڑنے سے فوجی اہلکار اور پولنگ افسرسمیت 15 افراد جاں بحق ہوگئے۔

راولپنڈی کے حلقہ این اے 62 میں شہری ریاض نامی شخص اسٹیڈیم روڈ پر واقع پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کے بعد جیسے ہی باہر نکلا تو اس کو دل کا دورہ پڑا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ گوجر خان میں الیکشن ڈیوٹی پر تعینات پاک فوج کا اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا، حوالدار شبیر کے جی اسکول پولنگ اسٹیشن پر فرائض انجام دے رہا تھا۔

لیہ میں این اے 188 اور پی پی پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ ہائی اسکول بستی جیسل میں پولنگ آفیسر طاہر رضا رضوی گرمی کی شدت اور شوگرکم ہونے پر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ ایم سی پرائمری اسکول نمبرایک لیہ میں ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والی 60 سالہ بوڑھی خاتون آمنہ بی بی گرمی کی شدت سے بے ہوش ہوکر گر پڑی اور ابتدائی طبی امداد کے دوران جاں بحق ہوگئی۔

پولنگ اسٹیشن موضع بیٹ بلوچ خان گورنمنٹ پرائمری اسکول میں بھی 60 سالہ بوڑھی خاتون لعل مائی گرمی کی شدت کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی۔ گگو منڈی کے چک 257ای بی کا رہائشی 75سالہ علی ڈوگر ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچا اور قطار میں کھڑا تھا کہ اچانک گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے بے ہوش ہو کر گر پڑا جسے گھر لے جایا جا رہا تھا کہ وہ بے ہوشی کی حالت میں ہی انتقال کر گیا۔

ضلع بھکر کے علاقے کوٹلہ جام پولنگ اسٹیشن میں شدید گرمی کے باعث اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر عبدالرحمان بے ہوش ہوگیا اور انھیں طبی امدادکے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا۔ سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں پولنگ اسٹیشن مرید خاصخیلی پر ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد 70 سالہ شخص مولچند کولہی حرکت کلب بند ہونے سے انتقال کرگیا۔ ضلع وہاڑی کے نواحی گاؤں 257 ای بی میں ووٹ کاسٹ کر نے کے لیے آنے والا شخص گرمی کی شدت سے جاں بحق ہوگیا۔

اوکاڑہ میں حلقہ پی پی 184 میںووٹر حرکت قلب بندہونے سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملا ،قومی فریضہ کی ادائیگی کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچنے والے ووٹر کی شناخت ظفراقبال کے نام سے ہوئی ہے ۔رحیم یارخان کے حلقہ این اے 177 میں ووٹرارشد دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔

رحیم یارخان کے ہی صادق آباد اسٹیڈیم روڈ پر پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹ ڈالنے کے لیے جانے والاشہری ریاض شدید گرمی اورحبس کی وجہ سے دل کادورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا ۔خانیوال کی تحصیل کبیروالہ میں جمال کے پولنگ اسٹیشن این اے 150میں منظور حسین ہارٹ اٹیک کے باعث چل بسا ۔

فیصل آباد میں تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ آئی بلاک علامہ اقبال کالونی میں ووٹ ڈالنے کے بعد واپس جانے والا ادھیڑ عمر شخص شریف اور تھانہ بلوچنی کے علاقہ چک ر۔ب میں شدید گرمی میں ووٹ کاسٹ کرکے اسکول سے آنے والی خورشید بی بی جاں بحق ہوگئے۔

نصیر آباد کے این اے302 اور پی ایس71 نصیرآباد وارہ کی لیڈیز پولنگ اسٹیشن ڈیرہ میں ووٹنگ کا ٹائم ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کرتے ہوئے پولنگ افسر شاہدہ کو دل کا دورہ پڑگیا، انھیں فوری طور پر اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ دیگر علاقوں میں متعدد ووٹروں کی حالت غیر ہوئی۔

مقبول خبریں