نیول چیف گالف 14 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوگا

زبیر نذیر خان  اتوار 16 ستمبر 2018
3 لاکھ ڈالر مالیت کے ایونٹ میں قومی اور غیر ملکی گالفرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ فوٹو: فائل

3 لاکھ ڈالر مالیت کے ایونٹ میں قومی اور غیر ملکی گالفرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ فوٹو: فائل

کراچی: ایشین گالف کے سہ رکنی وفد نے11برس کے تعطل کے بعد پاکستان میں ہونے والے ایشین گالف ٹور کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہارکردیا، ایشین ٹور کا پہلا گالف ایونٹ11 اکتوبر سے کراچی گالف کلب میں کھیلا جائے گا۔

ایشین گالف فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کو تفویض کردہ ایشین ٹور کا پہلا ایونٹ چیف آف نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ 11 سے 14اکتوبرتک کراچی گالف کلب میں کھیلی جائے گی،  قومی گالف فیڈریشن کی کاوشوں کے نتیجے میں2007 کے بعد ملنے والے ایشین ٹورکے پہلے ایونٹ کی حیثیت پانے والی اس چیمپئن شپ میں 3 لاکھ ڈالرز کی خطیر انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

چیمپئن شپ میں ایشیا کے بہترین گالفرز اور قومی کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، معروف قومی گالفر اشفاق احمد اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے، ایشین ٹور کے ایک سہ رکنی وفد نے پاکستان پہنچ کر ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے وفد کو ایونٹ میں شرکت کے لیے آنے والے کھلاڑیوں خاص طور غیر ملکی گالفرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے مفصل بریفننگ دی گئی۔

ایشین ٹور کے وفدکے ارکان نے کراچی گالف کلب کے لش گرین کورس کا بھی جائزہ لیا اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا، وفد نے کراچی گالف کلب کے صدرکمانڈر کراچی ریئرایڈمرل آصف خالق اور یونائیٹڈ میرینز ایجنسیزکے سی ای اوسہیل شمس سے بھی تفصیلی ملاقات کی، وفد کے ارکان نے ایونٹ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے اپنے بھرپوراطمینان کا بھی اظہارکیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔