ممتاز ماہرتعلیم اظفررضوی یٰسین آباد قبرستان میں سپرد خاک

نمازہ جنازہ میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں، اراکین آرٹس کونسل و دیگر کی شرکت.


Staff Reporter June 02, 2013
ماہر تعلیم پروفیسر اظفر رضوی کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی ہے (فوٹو ایکسپریس)

ممتاز ماہر تعلیم اورانجمن ترقی اردو پاکستان کے معتمد اعلیٰ پروفیسر اظفر رضوی کو یاسین آباد قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔

اظفر رضوی کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے کریم آباد میں دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا، ان پر کچھ عرصہ قبل بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، ان کی نماز جنازہ فیڈرل بی ایریا میں ان کے گھر سے متصل جگہ پر ادا کی گئی، جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما واسع جلیل، سیف یارخان، احمدسلیم صدیقی، خالد بن ولایت، آرٹس کونسل کے نائب صدر محمود احمد خان، رضوان صدیقی اور پی ایف یوجے کے جنرل سیکریٹری امین یوسف سمیت تدریس، ادب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شہرکی اہم شخصیات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔



اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما واسع جلیل کا کہنا تھا کہ معاشرے کو سنوارنے کیلیے کلیدی کردار ادا کرنے والے افراد کا قتل لمحہ فکریہ ہے، مرحوم کے بھائی سید انصر رضوی کا کہنا تھا کہ یہ شہرجنگل سے بھی بدتر ہو گیا ہے جہاں مارنے والوں کو یہ تک معلوم نہیں ہے کہ ہم جسے مار رہے ہیں اس کے ذریعے نہ جانے کتنے گھروں کے چراغ روشن ہیں۔

اب حکومت اور ہماری فورسز کو جاگنا ہوگا اور اس گھناؤنے کھیل کو اپنے اختتام تک پہنچانا ہوگا، واضح رہے کہ مرحوم شہرکے اہم ترین ثقافتی ادارے آرٹس کونسل کے سابق خازن بھی رہے ہیں جبکہ سال2013 میں ہونے والے الیکشن میں نائب صدرکیلیے امیدوار بھی تھے، مرحوم نے اپنے سوگوران میں بیوہ 2 بیٹوں اور4 بیٹیوں کو چھوڑا ہے، اظفررضوی کا سوئم آج عصر اور مغرب کے درمیان ان کی رہائش گاہ فیڈرل بی ایریامیں ہوگا۔

مقبول خبریں