ٹیکس نادہندگان کو خام تمباکو کی فروخت پر پابندی

ارشاد انصاری  جمعـء 21 ستمبر 2018
پروسیس شدہ تمباکو کی مانیٹرنگ کے لیے جی ایل ٹی یونٹس میں تعینات آئی آر افسران کورہائش فراہم کرنا یونٹس کی ذمے داری ہوگی،دستاویز۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پروسیس شدہ تمباکو کی مانیٹرنگ کے لیے جی ایل ٹی یونٹس میں تعینات آئی آر افسران کورہائش فراہم کرنا یونٹس کی ذمے داری ہوگی،دستاویز۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تمباکو کی فروخت پر ٹیکس چوری روکنے کیلیے فیلڈ فارمشنز کو ملک بھر میں تمباکو تیار کرنیوالے گرین لیف تھریشنگ یونٹس کی مانیٹرنگ کو لازمی قرار دے دیا ہے جس کیلیے گرین لیف تھریشنگ یونٹس میں ٹیکس افسران کو بٹھایا جائیگا جبکہ گرین لیف تھریشنگ یونٹس پر نان ایکٹو ٹیکس پیئرزکو خام تمباکو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے باضابطہ طور پر ایس آر او نمبر 1149(I)/2018جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اپنے ذاتی گرین لیف تھریشنگ یونٹس(جی ایل ٹی) رکھنے والی سگریٹ مینوفیکچرنگ فیکٹریوں کو بھی انوائسز جاری کرنا ہوں گی اور ان انوائسز پرمروجہ شرح کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بھی ادا کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق الگ سے انوائس بُک رکھنا ہوگی۔ جاری کردہ رسیدوں اور باقی رہ جانے والی رسیدوں کے ریکارڈ پر مشتمل رجسٹر بھی رکھنا ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی آزادانہ گرین لیف تھریشنگ یونٹ کو سگریٹ مینوفیکچررز یا کسی انفرادی شخص کو پروسیس شُدہ ان مینوفیکچرڈ تمباکو فروخت کرتے وقت وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق انوائس جاری کرنا ہوگی اور اگر کوئی گرین لیف تھریشنگ یونٹ ان ہائوس کمپوزٹ یونٹ کو یہ ان مینوفیکچرڈ تمباکو فراہم کرے گا تو اس صورت میں بھی انوائس جاری کرنا ہوگی۔

البتہ اگر کوئی گرین لیف تھریشنگ یونٹ پروسس شُدہ خام تمباکو فروخت برآمد کرتا ہے تو اس صورت میں اسے برآمد کیے جانے والے خام تمباکو پر زیرو ریٹنگ کی سہولت حاصل ہوگی اور اگر گرین لیف تھریشنگ یونٹس کنٹریکٹ پروسیسنگ یا ٹال مینوفیکچرنگ کی جاتی ہے تو اس صورت میں مروجہ شرح کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جائیگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں تمام آر ٹی اوز و ایل ٹی یوز کے کمشنرز کے لیے اپنی اپنی حدود میں قائم گرین لیف تھریشنگ یونٹس(جی ایل ٹی) کی مانیٹرنگ بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے اور ان جی ایل ٹیز کی مانیٹرنگ کیلیے کمشنرز ان لینڈ ریونیو افسران کی جانب سے ان گرین تھریشنگ یونٹس میں ان لینڈ ریونیو افسران تعینات کریں گے جو ان جی ایل ٹیز کے اندر بیٹھیں گے اور ان یونٹس سے جو بھی پروسیس شُدہ خام تمباکو نکلے گا اس کی مانیٹرنگ کرینگے اور ان ٹیکس افسران کو دفتر اور گرین لیف تھریشنگ یونٹ کے اندر ہی رہائش کی فراہمی بھی گرین لیف تھریشنگ یونٹ کی ذمے داری ہوگی۔

یہ ٹیکس افسران گرین تھریشنگ یونٹ میں رسیدوں، پروسیسنگ، ویسٹیج، اسٹوریج کے ساتھ ساتھ فروخت کیلیے جاری ہونے والے خام تمباکو کی مانیٹرنگ کریں گے۔

اس کے علاوہ گرین لیف تھریشنگ یونٹس کے اپنے استعمال کیلیے جو خام تمباکو جاری ہوگا اس کی بھی مانیٹرنگ کریں گے یہی نہیں بلکہ گرین لیف تھریشنگ یونٹس میں تعینات کیے جانے والے ٹیکس افسران ان یونٹس کی جانب سے جاری کردہ انوائسز پر اسٹمپ بھی لگائیں گے اور دستخط بھی کریں گے جس کے بعد گرین لیف تھریشنگ یونٹس سے خام تمباکوباہر جاسکے گا اور گرین لیف تھریشنگ یونٹس میں تعینات کیے جانے والے ٹیکس افسران کو روزانہ کی بنیاد پر گرین تھریشنگ یونٹ میں رسیدوں، پروسیسنگ، ویسٹیج، اسٹوریج کے ساتھ ساتھ فروخت کیلیے جاری ہونے والے خام تمباکو کی رپورٹ متعلقہ کمشنر ان لینڈ یونیو کو بھجوانا ہوگی۔

اس رپورٹ کو متعلقہ گرین لیف تھریشنگ یونٹس کی طرف سے جمع کرائے جانے والے ماہانہ ریٹرنز کے ساتھ ری کنسیلئیشن کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔