رینجرزکی فائرنگ سے ہلاک نوجوان کے قاتل گرفتار نہ ہوسکے

پولیس کی جانب سے گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے،شاہ فیصل کالونی پولیس


Staff Reporter June 06, 2013
غلام حیدرکی یادگار تصویر۔ فوٹو: فائل

شاہ فیصل کالونی میں رینجرزکی فائرنگ سے ہلاک نوجوان غلام حیدر کے مقدمہ قتل میںکوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس ضمن میںکوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے ، رینجرز حکام نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کو حراست میں لیا ہوا ہے ،تحقیقات جاری ہیں جس میں کچھ روز درکار ہیں جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا ، رینجرز حکام نے اہلکاروں کو پولیس کے حوالے کرنے پر واضح جواب دینے سے گریز کیا ، تفصیلات کے مطابق منگل 4 جون کو شاہ فیصل کالونی میں رینجرزکی فائرنگ سے کارسوار 25سالہ غلام حیدر ولد غلام مصطفی سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا تھا ، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے شاہ فیصل کالونی تھانے کے سامنے احتجاج بھی کیا اور بعدازاں رات گئے پریس کلب پر بھی اہل خانہ اور مکینوں نے مظاہرہ کیا جس کے بعد پولیس اور رینجرز کے اعلیٰ حکام حرکت میں آئے اور واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی۔



شاہ فیصل کالونی پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ غلام حیدر کے کزن عبدالسلام کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا ہے ، اس سلسلے میں گزشتہ روز جب شاہ فیصل کالونی پولیس سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں پولیس کی جانب سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ،ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون عباس رضوی سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ وہ مذکورہ کیس میں میڈیا کو کوئی معلومات فراہم نہیںکرسکتے ،رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے ایکسپریس کو بتایا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کو رینجرز نے حراست میں لیا ہوا ہے،اس سلسلے میں تشکیل شدہ انکوائری بورڈ اپنی تحقیقات کررہا ہے جس میں چند روز لگیں گے ، جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انکوائری کے بعد وہ ملوث اہلکاروں کو پولیس کے حوالے کریں گے تو انھوں نے اس بات کا کوئی واضح جواب نہیں دیا اورکہا کہ وہ تحقیقات کا اگلا مرحلہ ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں