عراق میں ماڈل کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 28 ستمبر 2018
مقتولہ کو 3 گولیاں لگیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

مقتولہ کو 3 گولیاں لگیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

 بغداد: عراق میں نامعلوم مسلح افراد نے ماڈل اور سوشل میڈیا اسٹار تارا فاریس کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 سالہ تارا پر اس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ گاڑی میں سوار ہو کر اپنے رشتہ داروں کے پاس جارہی تھیں کہ راستے میں مسلح افراد نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

مقتولہ کی لاش بعد ازاں بغداد کے شیخ زید اسپتال منتقل کی گئی جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ انہیں 3 گولیاں لگیں جس سے ان کی موت موقع پر ہی ہوگئی تھی۔

عراقی وزارت داخلہ نے معروف ماڈل کی اندوہناک واقعے میں موت کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور پولیس نے ابتدائی شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

تارا فاریس کی موت نے نہ صرف ان کے رشتہ داروں کو غمگین کردیا بلکہ سوشل میڈیا پر لاکھوں فالورز بھی افسردہ ہیں۔ فاریس کے صرف انسٹا گرام پر فالوورز کی تعداد 27 لاکھ سے زائد ہے، مقتولہ عراقی کردستان کے صدر مقام اربیل میں مقیم تھیں تاہم وہ  تواتر سے بغداد آتی جاتی تھیں۔

واضح رہے کہ عراق میں نامعلوم افراد نامور خواتین  کو نشانہ بنارہے ہیں، چند روز قبل ہی بصرہ میں عراقی ہیومن رائٹس کی ورکر کو قتل کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔