اظہر علی کا مضحکہ خیز رن آؤٹ موضوع بحث بن گیا

گیند باؤنڈری لائن کے اندر ہونے کے باوجودپچ کے وسط میں چوکے کا جشن


Sports Desk October 19, 2018
اسد شفیق سے گپ شپ کرتے رہے،اسٹارک کے تھرو پر ٹم پین نے بیلز اڑا دیں۔ فوٹو: فائل

ابوظبی ٹیسٹ میں اظہر علی کا مضحکہ خیز رن آؤٹ موضوع بحث بن گیا۔

ابوظبی ٹیسٹ کے تیسرے روز اظہر علی مضحکہ خیز انداز میں آؤٹ ہوئے، انھوں نے 64 رنز بنا لیے تھے کہ پیٹر سڈل کی گیند بیٹ کا کنارہ لیتی ہوئے تیزی سے باؤنڈری کی طرف گئی لیکن گھاس کی وجہ سے لائن سے اندر ہی رک گئی۔

امپائر نے باؤنڈری کا کوئی اشارہ نہیں کیا لیکن کسی خوش فہمی میں مبتلا اظہر علی اور اسدشفیق پچ کے وسط میں کھڑے ہوکر چوکے کا ''جشن'' مناتے ہوئے گپ شپ لگانے لگے، اسی دوران فیلڈر مچل اسٹارک نے باؤنڈری سے گیند اٹھا کر وکٹ کیپر ٹم پین تک پہنچا دی۔ انھوں نے بیلز اڑاکر رن آؤٹ کردیا، بیٹسمین بے یقینی کا شکار ہوکر ادھر ادھر دیکھتے رہے، بالآخر ان کو پویلین واپس جانا ہی پڑا۔

حیرت کی بات ہے کہ 66ٹیسٹ اور 55 ون ڈے کھیلنے والے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین اس بات سے لاعلم رہے کہ جب تک گیند باؤنڈری لائن سے نہ ٹکرائے اس وقت تک چوکا نہیں ہوتا، اسد شفیق بھی اسی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس رن آؤٹ میں شریک جرم بنے۔

اظہر علی کے مضحکہ خیز طریقے سے آؤٹ ہونے پر ٹی وی مبصرین حیران ہوکر چٹکلے چھوڑتے رہے جبکہ کرکٹ شائقین کے بھی سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔



.

مقبول خبریں