فریم مارکیٹ اور دوپٹہ گلی میں 250 غیر قانونی دکانیں مسمار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 نومبر 2018
کئی علاقوں میں دکانداروں نے غیرقانونی تعمیرات ازخود مسمار کیں، سپریم کورٹ کے حکم پر آپریشن جاری ہے، بشیر صدیقی۔ فوٹو: فائل

کئی علاقوں میں دکانداروں نے غیرقانونی تعمیرات ازخود مسمار کیں، سپریم کورٹ کے حکم پر آپریشن جاری ہے، بشیر صدیقی۔ فوٹو: فائل

کراچی: لائٹ ہاؤس اور جامع کلاتھ کی مشہور فریم مارکیٹ اور دوپٹہ گلی میں تقریباً 250 غیر قانونی دکانیں اور مختلف تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا۔

شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف سب سے بڑے آپریشن کے سولہویں روز شہر کے معروف علاقے لائٹ ہاؤس اور جامع کلاتھ کی مشہور فریم مارکیٹ اور دوپٹہ گلی میں تقریباً 250 غیر قانونی دکانیں اور مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا جبکہ لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے اطراف تقریباً 20 دکانوں کی دیواریں جو فٹ پاتھ پر تعمیر کی گئی تھیں انھیں بھی منہدم کردیا گیا۔

بشیر صدیقی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے منگل کے روز ہونے والی انسداد تجاوزات کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ جامع کلاتھ کی فریم مارکیٹ اور دوپٹہ گلی کی مجموعی طور پر 130 دکانیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ اسٹیٹ کے پاس رجسٹرڈ ہیں جبکہ مذکورہ دکانداروں نے دکان کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے ایک دکان کے دو حصے بھی بنادیے تھے، کئی علاقوں میں دکانداروں نے غیرقانونی تعمیرات ازخود مسمار کیں، سپریم کورٹ کے حکم پر آپریشن کے سولہواں دن ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔