سال نومبر ڈیمانڈ بڑھ گئی، افریقی ممالک سے کوکین کی تیز رفتاری سے اسمگلنگ

احتشام مفتی  ہفتہ 15 دسمبر 2018
جمعے کی صبح جناح ٹرمینل پرکینیا کے شہری سے 3 کروڑ روپے مالیت کی1.5 کلو گرام کوکین ضبط، اسمگلرکو گرفتار کر لیا گیا۔ فوٹو: فائل

جمعے کی صبح جناح ٹرمینل پرکینیا کے شہری سے 3 کروڑ روپے مالیت کی1.5 کلو گرام کوکین ضبط، اسمگلرکو گرفتار کر لیا گیا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: سال نو کے جشن کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات کے لیے کوکین کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے اور کوکین کادھندا کرنے والوں نے غیرملکی مسافروں کے ذریعے افریقی ممالک سے براہ راست پسنجر بیگیج کے ذریعے مہنگے داموں کوکین کی تیز رفتاری سے اسمگلنگ شروع کردی ہے۔

رواں ہفتے کے دوران پاکستان کسٹمز پریونٹیو کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والے 3 مسافروں سے مجموعی طور پر 8.5کلوگرام اعلیٰ معیار کی کوکین ضبط کرچکا ہے جسے پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی اس طرح سے صرف ایک ہفتے کے دوران پاکستان کسٹمز نے 22کروڑ روپے مالیت کی کوکین کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا۔

پاکستان کسٹمز پریونٹیو جناح ٹرمینل نے مشکوک غیرملکی مسافروں اور ان کے سامان کی جانچ پڑتال سخت کردی ہے۔ جمعہ کی صبح ڈپٹی کلکٹرکسٹمز واصف ملک نے جناح ٹرمینل ارائیول پرکارروائی کرتے ہوئے امارات ایئرلائن کی فلائٹ EK 606 سے کراچی پہنچنے والے کینیا کے شہری سے3کروڑ روپے مالیت کی1.5 کلو گرام کوکین ضبط کرلی اور اسمگلرکو گرفتار کرلیاگیا۔

جیوفری مائیکل نامی کینیا کا مسافرعدیس ابابا سے سوار ہوا تھا اور وہ جناح ٹرمینل پہنچنے کے بعد کسٹمز حکام کو دھوکا دیتے ہوئے گرین چینل عبور کررہاتھا جسے کسٹم حکام نے شک کی بنیاد پر روک کر اس کے سامان کی اسکیننگ کی تو معلوم ہواکہ ملزم نے انتہائی مہارت سے اپنے سوٹ کیس کے خفیہ خانوں میں کوکین چھپائی ہوئی تھی۔ بعدازاں اس مشکوک مسافر اور اس کے سامان کی فزیکل ایگزامنیشن بھی کی گئی اورڈیڑھ کلوگرام کوکین ضبط کرکے ملزم کوگرفتار کرلیاگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں اس سے قبل کوکین کا نشہ کرنے والے برطانیہ اور یورپی ممالک سے بذریعہ ڈاک یا پارسل صرف چند گرام کوکین اسمگل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں تاہم کسٹمزحکام اور محکمہ ڈاک کی جانب سے بیرون ملک سے سینڈرنیم کے بغیر ڈاک کی جانچ پڑتال سخت ہونے کے بعد اسمگلروں نے متبادل راستہ اختیار کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔