معروف میزبان نادیہ خان نے اپنے مارننگ شو میں ایک بار پھر خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف سخت ریمارکس دے کر نئی بحث چھیڑ دی۔
نجی ٹی وی شو کی میزبان نے عدنان فیصل کو مدعو کیا جو خلیل الرحمان قمر کے کئی انٹرویوز کرچکے ہیں۔
نادیہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر کے اندازِ گفتگو پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ "میں نے کسی اور مصنف کو اس طرح سے دوسروں کے خلاف بات کرتے نہیں دیکھا۔‘‘
اداکارہ و میزبان نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر کہتے ہیں کہ میں اُن لوگوں کو پسند نہیں کرتا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ خود آپ کو پسند نہیں کرتے، بولتے اس لیے نہیں کہ کئی لوگ اپنی رائے ظاہر نہیں کرتے جبکہ کوئی فوراً چڑھ دوڑتا ہے۔
شو میں گفتگو کرتے ہوئے عدنان فیصل نے گفتگو کے دوران کہا "ہم بھی آج خلیل الرحمٰن قمر کے بیانات پر اپنا مؤقف دے رہے ہیں، آخر ماہرہ، نعمان یا دوسرے لوگ کیا کر بیٹھے کہ آپ کہتے ہیں ‘میں انہیں معاف نہیں کروں گا’ یا ‘میں اُن سے نفرت کرتا ہوں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے ’میرے پاس تم ہو‘ لکھا، ٹھیک ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ دوسروں پر اپنی انا اور خواہش مسلط کردیں، آپ کہتے ہیں کہ اُن کے ساتھ کام نہیں کریں گے، کیا لوگ آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے ترس رہے ہیں؟
عدنان فیصل نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر دوسروں کو ‘بھونکنے’ والا کہتے ہیں یہ ذاتی حملے کیوں؟ پھر آپ عورتوں کے بارے میں ایسے خیالات رکھتے ہیں جیسے وہ دو ٹکے کی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مصنف نے ماروی سرمد کے بارے میں جو کہا، وہ سب کے سامنے ہے۔ فہد قریشی کے بارے میں کیا کہا؟ انہوں نے جواب تک نہیں دیا، یہی وقار ہوتا ہے۔
عدنان فیصل نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ میں اُس اداکارہ کے ساتھ کام نہیں کروں گا کیونکہ وہ چھوٹے کپڑے پہنتی ہے۔