درخشاں سے اغوا ٹرانسپورٹرکی بلوچستان سے لاش ملی

عبدالرحیم کی لاش جلی ہوئی گاڑی کی پچھلی سیٹ پرپڑی تھی ،تفتیشی افسر


Staff Reporter January 28, 2019
شناخت کیلیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا،مقتول پہلے بھی اغواہوچکا تھا

YANGON: درخشان سے 2 روز قبل اغوا کیے جانے والے ٹرانسپورٹرکی بلوچستان لسبیلہ سے جھلسی ہوئی لاش ملی ،مغوی ٹرانسپورٹرکے اغوا کامقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو درخشان تھانے کی حدود سے ٹرانسپورٹر40 سالہ عبدالرحیم مینگل ولدداد محمد کونامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا تھا، ٹرانسپورٹر عبدالرحیم مینگل کے اغواکا مقدمہ الزام نمبر2019/67 بجرم دفعہ34/365 کے تحت بھتیجے علی حسن کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا، ہفتے کو بلوچستان کے علاقے لسبیلہ سے جلی ہوئی گاڑی سے مغوی عبدالرحیم کی سوختہ لاش لیویز اہلکاروں کو ملی تھی۔

درخشان انویسٹی گیشن پولیس لسبیلہ سے اتوارکی صبح لاش جناح اسپتال لائی تھی جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی گئی،مقتول کے کیماڑی سے آئل ٹینکرچلتے ہیں،اہلخانہ کے مطابق عبدالرحیم جمعے کی صبح ڈیفنس فیز 5 صبا ایونیو پرواقع اپنی رہائش گاہ سے سفید رنگ کی گاڑی بی جے بی849 میں ولیج ہوٹل جا رہے تھے جنھیں گاڑی سمیت اغوا کر لیا گیا اوراغواکے کچھ دیر کے بعد مغوی کا موبائل فون بند ہو گیا تھا۔

جس کے بعد انھیں تلا ش کیا گیا مگر ان کا کوئی سراغ نہیں ملا،اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مغوی کی کسی سے دشمنی نہیں تھی اور کسی نے فون کرکے تاوان طلب نہیں کیا ہے ،قاتل میں ملوث افرادکوفوری گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے،تفتیشی افسرامتیاز حسین نے بتایا کہ مغوی عبدالرحیم کی لاش گاڑی کی پچھلی سیٹ پرجلی ہوئی حالت میں ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے،سو فیصد یقین سے نہیں کہہ سکتے ہیں کہ لاش مغوی عبدالرحیم کی ہی ہے۔

شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا ،تفتیشی افسر امتیاز حسین کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرعبدالرحیم کے اغوا اور قتل ذاتی دشمنی کا شاخشانہ معلوم ہوتا ہے ،واقعے کے کی تفتیش کر رہے ہیں ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا،ایف آئی آرکے متن کے مطابق مغوی عبد الرحیم اس سے قبل بھی ایک مرتبہ اغوا ہو چکا ہے اور بعد میں واپس گھر آگیا تھا۔

مقبول خبریں