’ماہرہ خان ہمارا فخر ہے‘ اداکارہ میرا نے ماہرہ کی تعریفوں کے پُل باندھ دئیے

ماہرہ تم نے جو عزت اور محبت مجھے دی ہے میں اسے ہمیشہ یاد رکھوں گی، میرا کی ٹوئٹ


ویب ڈیسک February 22, 2019
ماہرہ جس مقام پر تم آج ہو ہمیں تم پر فخر ہے، اداکارہ میرا فوٹوفائل

نامور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اوراسکینڈل کوئین میرا کے درمیان طویل عرصے سے جمی برف پگھلنے لگی ہے اداکارہ میرا نے ماہرہ کی تعریفوں کے پُل باندھ دئیے۔

گزشتہ روزماہرہ خان نے ٹوئٹر پر ہدایت کار عاصم رضا کی فلم ''پرے ہٹ لو'' کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا میں نے ''پرے ہٹ لو'' کا گانا دیکھا ہے، گانے میں تمام لوگوں نے اچھی پرفارمنس دی ہے لیکن ''میرا جی'' کی پرفارمنس اتنی زبردست ہے کہ آپ کی نظریں ان سے ہٹتی ہی نہیں، میرا نے اسکرین پر کسی کو نظر ہی نہیں آنے دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ گھروں کے چولہے بند کرنے کا مشن لے کر آئی ہے



ماہرہ کی اس تعریف کے جواب میں اداکارہ میرا نے ماہرہ سے اپنی طویل دشمنی کا خاتمہ کرتے ہوئے کھلے دل سے ان کی تعریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا ماہرہ تم نے جو عزت اور محبت مجھے دی ہے میں اسے ہمیشہ یاد رکھوں گی۔ اس کے ساتھ ہی میرا نے ماہرہ کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے کہا ماہرہ جس مقام پر تم آج ہو ہمیں تم پر فخر ہے، خدا ہمیشہ تم پر اپنی مہربانی رکھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میرا کا ماہرہ سے متعلق یوٹرن



واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ میرا ماہرہ خان کو کئی بار تنقید کا نشانہ بناچکی ہیں یہاں تک کہ ماضی میں میرا نے ماہرہ کے خلاف طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرہ خان شوبز سے وابستہ اداکاراؤں کے چولہے بند کرنے کا مشن لے کراس شعبے میں آئی ہے۔

یاد رہے کہ فلم ''پرے ہٹ لو'' میں اداکار شہریار منور اور مایاعلی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے، جب کہ اداکارہ میرا بھی فلم میں ایک گانے میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ماہرہ خان اور فواد خان بھی فلم میں مختصر کرداروں میں نظر آئیں گے۔''پرے پٹ لو'' رواں سال عید الضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔

مقبول خبریں