سانحہ کرائسٹ چرچ، نمازجمعہ کے بعد 26 شہداء سپرد خاک

ویب ڈیسک  جمعـء 22 مارچ 2019
پولیس نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کی شناخت کا عمل گزشتہ روزمکمل کر کے لواحقین کوآگاہ کردیا تھا: فوٹو:اے ایف پی

پولیس نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کی شناخت کا عمل گزشتہ روزمکمل کر کے لواحقین کوآگاہ کردیا تھا: فوٹو:اے ایف پی

کرائسسٹ چرچ: سانحہ کرائسٹ چرچ کے 26 شہداء کوآج نمازجمعہ کے بعد میموریل پارک میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے 26  شہداء کو میموریل پارک میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نمازجنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نمازجنازہ میں پاکستانی ہائی کمشنرڈاکٹرعبدالمالک اورڈپٹی ہائی کمشنرمعظم شاہ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پرمختلف مذاہب کے لوگ مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے جمع ہوئے جہاں ہرآنکھ اشک بارنظرآئی۔

نمازجمعہ کے بعد 9 میں سے 7 پاکستانی شہدا کی تدفین بھی میموریل پارک میں کردی گئی ہے جبکہ کراچی کے سید اریب احمد کی نمازجنازہ کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئی اوران کی میت اگلے ہفتے پاکستان لائی جائے گی۔ سپرد خا ک کئے جانے والے پاکستانیوں میں نعیم راشد، طلحہ راشد اورسید جہاں داد علی بھی شامل ہیں۔ اس موقع پران کے لواحقین موقع پرموجود تھے۔

پولیس نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کی شناخت کا عمل گزشتہ روزمکمل کرکے لواحقین کو آگاہ کردیا تھا۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل کرائسٹ چرچ میں دومساجد پرفائرنگ کی گئی تھی اوراس دہشت گرد حملے میں 50 نمازی شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔