روپے کی قدر گھٹانے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا عبدالرزاق داؤد

برآمدات توقع کے مطابق نہیں بڑھیں، 6 ماہ میں صورتحال قابو میں آجائے گی، مشیر تجارت


شہرم حق April 12, 2019
رواں ماہ میں ٹیکسٹائل پالیسی تیار ہوجائیگی، ’ ٹیکسٹائل ایکسپو‘ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے تسلیم کیا ہے کہ روپے کی قدر گھٹانے سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

' ٹیکسٹائل ایکسپو' کا افتتاح کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ روپے کی قدر میں کمی سے افراط زر بڑھ گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گرانی بڑھ گئی مگر برآمدات میں توقع کے مطابق اضافہ نہیں ہوا۔ ابتدائی دو ماہ میں برآمدات ضرور بڑھیں مگر مارچ میں پھرگرگئیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم اس مسئلے کا حل تلاش کررہے ہیں اور پالیسی سازوں اور ماہرین اقتصادیات نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں صورت حال قابو میں آجائے گی اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

مشیر تجارت نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے، اس میںکامیابی کے بعد صورت حال بہتر ہونا شروع ہوجائے گی۔

مقبول خبریں