ڈاکخانے کے ذریعے فری عالمی ترسیلات کی ادائیگی شروع

پوسٹل سروسز الیکٹرانک منی آرڈر کا آغاز ہو گیا، ہنڈی حوالہ پاکستان میں ختم کر دیں گے


Numainda Express June 04, 2019
پوسٹ اور نیشنل بینک کے اشتراک سے تارکین وطن کیلیے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، مراد سعید فوٹو: فائل

پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے ملک کے مختلف ڈاکخانوں کے ذریعے بین الاقوامی ترسیلات کی ادائیگی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کہتے ہیں کہ تارکین وطن کو رقوم بھجوانے کے لیے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں، غیر قانونی اقدامات روکنے سے پاکستان بہت ساری پابندیوں سے نکل جائے گا۔

پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک کے باہمی اشتراک سے ملک کے مختلف ڈاکخانوں کے ذریعے بین الاقوامی ترسیلات کی ادائیگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اس سروس کا باقائدہ اجرا وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کر دیا ہے ، اس سروس کے اجرا کے موقع پر صدر نیشنل بینک عارف عثمانی اور ڈی جی پاکستان پوسٹ نصیر احمد خان بھی موجودتھے۔

مراد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک کے اس باہمی اشتراک کے ذریعے تارکین وطن کے لیے آسانیاں پیدا کرنا مقصود ہے تاکہ بیرون ملک پاکستانی ملک میں قانونی طریقے سے غیر ملکی زرمبادلہ بھیج سکیں، بیرون ممالک میں کام کرنے والے مزدور ایک ایک پیسہ جوڑ کر اپنے خاندان کو بھیجتے ہیں،اس سروس سے 100 درہم بھیجیں گے تو 100 درہم ہی گھر والوں کو ملیں گے،غیر قانونی اقدامات روکنے سے پاکستان بہت ساری پابندیوں سے نکل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر مفت ترسیلات زر سروس کا اجرا پہلے مرحلے میں 230 ڈاکخانوں سے کیا جائے گا،حوالہ ہنڈی کو پاکستان میں ختم کریں گے۔76 ہزار پارسل گھر کی دہلیز سے دیگر صارفین کو پہنچائے گئے ہیں،چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوں کو سبسڈری کارڈ مہیا کریں گے۔

مراد سعید نے کہا کہ پوسٹل سروسز کو جلد سے جلد 10 ہزار سائن اپ دینے کی ضرورت ہے،پوسٹل سروسز الیکٹرانک منی آرڈر شروع کر دیے ہیں،ای کامرس کے زریعے صارفین کو گھر سے گھر تک پارسل بھجوائے جا رہے ہیں،چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لیے پوسٹل سروسز قرض فراہم کر رہا ہے۔ عید پر پاکستان پوسٹ کے 90 فیصد ریسٹ ہاؤسز بک ہو چکے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ گذشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان پوسٹل سروسز کو 6 سو کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے،پاکستان پوسٹ سے وابستہ افرادی قوت کی انتھک محنت سے یہ قومی ادارہ اب مالی بحران سے نکل کر ایک فعال اور منافع بخش قومی ادارہ بن چکا ہے۔

اس موقع پر صدر نیشنل بینک طارق عثمانی نے کہاکہ پورے بینکنگ سسٹم کی 13 ہزار برانچیں ہیںاورصرف پوسٹ آفس کی 12 ہزار ہیں، پاکستان پوسٹ کا یہ بڑا سسٹم ہمیں ملے گا،مزدور باہر سے 20 ارب ڈالر تک بھیجتے ہیں، 10 ارب ڈالر حوالہ ہنڈی سے آتے ہیں، ہمیں اس رقم کو باقاعدہ چینل کے ذریعے لانا ہے ۔

نصیر احمد خان نے کہاکہ نیشنل بینک کے ساتھ ملکر انقلابی سروس کا آغاز کررہے ہیں،62 فیصد ترسیلات زر سعودی عرب ،دبئی اور دیگر اسلامی ممالک سے آرہی ہیں، اس سروس کے اجرا سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

مقبول خبریں