سیالکوٹ میں ہندوؤں کا قدیم مندر 72 سال بعد بحال

 منگل 2 جولائی 2019
مندر میں رکھنے کے لیے مورتیاں بھارت سے منگوائی جائیں گی فوٹو: فائل

مندر میں رکھنے کے لیے مورتیاں بھارت سے منگوائی جائیں گی فوٹو: فائل

 لاہور: سرکلر روڈ پر واقع شوالہ تیجا سنگھ مندر کو 72 سال بعد ہندوؤں کی عبادت کے لیے کھول دیا گیا۔

پاکستان میں ہندوؤں کے ایک قاور دیم مندر کو 72 سال بعد بحال کردیا گیا ہے،سیالکوٹ سرکلر روڈ پر واقع شوالہ تیجا سنگھ مندر ایک کنال رقبے پر مشتمل ہے اور یہ مندر قیام پاکستان کے بعد سے بند پڑا تھا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کی ہدایت پر ڈپٹی سیکرٹری شرائنز سید فرازعباس نے سیالکوٹ میں مقامی حکام سے ملاقات کی جس کے بعد مندر کو کھول دیا گیا، مندر کا ہندو رسم ورواج کے مطابق افتتاح کیا گیا۔ مندر کھولے کی مذہبی تقریب میں ہندو رہنما ڈاکٹر منور چاند، امرناتھ رندھاوا اور پنڈت کاشی رام سمیت ہندوؤں اورمسلمانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
سید فراز عباس نے ایکسپریس کو بتایا کہ یہ مندر 1947 سے بند پڑا تھا، ہندو برادری کی جانب سے کئی برسوں سے اس مندر کو کھولے جانے کی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا جارہا تھا۔

وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی ہدایت پر مندرکو کھول دیا گیا ہے۔ اب اس کی آرائش وتزئین کا تخمینہ لگا کر یہاں کام شروع کروایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مندر میں رکھنے کے لیے مورتیاں ہمسایہ ملک بھارت سے منگوائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سیالکوٹ میں ہی واقع سکھوں کے قدیم گوردوارے بابے دی بیری کو بھی 2015 میں بحال کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔