اس بار میزبان کوچیمپئن نہیں بننے دیں گے کیوی ٹیم کا عزم

لارڈزمیں بھرپور پریکٹس،کارکردگی کا تسلسل فائنل میں بھی برقرار رکھیں گے،کوچ


Sports Desk July 13, 2019
لارڈزمیں بھرپور پریکٹس،کارکردگی کا تسلسل فائنل میں بھی برقرار رکھیں گے،کوچ۔ فوٹو: فائل

کیویز نے میزبان ملک کے ورلڈ چیمپئن بننے کی روایت ختم کرنے کی ٹھان لی۔

ورلڈ کپ فائنل میں اتوار کے روز نیوزی لینڈ کا سامنا انگلینڈ سے ہونے جارہا ہے، اس سے قبل 2 ایڈیشنز 2015 میں آسٹریلیا اور2011 میں بھارت نے بطور مشترکہ میزبان ٹرافی پائی تھی،کیویز اب تیسری بار ایسا نہیں ہونے دینا چاہتے۔

ورلڈ کپ کے باہمی مقابلوں میں انھیں حریف پر 5-4 کی معمولی سبقت حاصل ہے، دونوں ممالک اس سے قبل بھی فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب رہے لیکن ابھی تک ٹرافی ان میں سے کسی کا مقدر نہیں بن پائی، انگلش ٹیم چوتھی بار ٹرافی سے ایک قدم کی دوری پر پہنچی ہے۔

1992 میں پاکستان نے اسے مات دے کر دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کا اعزاز پایا تھا،1979 اور1987 میں انھیں بالترتیب ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا سے فائنل میں ناکامی کا سامنا رہا، دوسری جانب نیوزی لینڈکو 2015 کے ایڈیشن میں آسٹریلیا نے شکست دی تھی۔

اتوار کے روز کرکٹ کا گھر کہلانے والے لارڈز گرائونڈ میں دنیا کو نیا عالمی چیمپئن ملنا یقینی ہے، حالیہ ایڈیشن کے سیمی فائنلز میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو8 وکٹ سے مات دی ، ٹیم27 برس بعد فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب ہوئی،اسی طرح نیوزی لینڈ نے ہاٹ فیورٹ بھارت کو مانچسٹر میں ٹھکانے لگاکر مسلسل دوسری بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اگر اتوار کے روز انگلش ٹیم کیویز کو زیر کرنے میں کامیاب رہی تو وہ بطور میزبان تیسری سائیڈ ہوگی جو اپنے ملک میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کو جیت پائے گی۔

دریں اثنا جمعے کو کیوی ٹیم نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی، کوچ گیری اسٹیڈ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ عمدہ کارکردگی کا تسلسل فائنل میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

مقبول خبریں