کسی سے مقابلہ نہیں بہترین اداکارہ کی حیثیت سے خود کو منوانا چاہتی ہوں شردھا کپور

خودکو ہر کردار میں ڈھالنے کی کوشش کرتی ہوں، شردھا کپور


Showbiz Desk October 01, 2013
اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر بالی ووڈ میں آگے بڑھ رہی ہوں، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

شردھا کپور کا کہنا ہے کہ ایک اداکارہ کی حیثیت سے اس کے کچھ خواب ہیں میں فلم میں ایسا رول کرنا چاہتی ہوں جس پر فخر کرسکوں اور اسے مدتوں یاد رکھاجائے ۔

اس برس 26اپریل کو ریلیز ہونے والی فلم ''عاشقی2''کی کامیابی سے اداکارہ شردھا کپور کی بالی ووڈ میں پوزیشن بہتر ہو چکی ہے اور وہ یہ بات اچھی طرح جانتی ہیں کہ ان کا ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ مقابلہ بہت سخت ہے اس لیے وہ کسی نمبر گیم میں پڑنے کی بجائے اپنے کام پر توجہ رکھنا چاہتی ہیں ۔اداکارہ شردھا کپور کا کہناہے کہ میرا کسی ساتھی اداکارہ کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں ہے میں ایک اداکارہ کی حیثیت سے ایسا کردار اداکرنا چاہتی ہوں جو مدتوں یاد رکھا جائے خود ایک بہتر اور ورسٹائل اداکارہ کی حیثیت سے منوانا چاہتی ہوں اور اپنی تمام تر توجہ اسی پر رکھی ہوئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اچھی طرح جانتی ہوں کہ چاہے میں کسی کے ساتھ اپنا موازنہ پسند کروں یا نہ کروں مگر یہ تو چلتا ہی رہے گامگر اس کے باوجود میرے لیے یہ بہتر ہے کہ میں صرف اپنے کام سے کام رکھوں اور اسی پر توجہ رکھوں کہ میں کیا کررہی ہوں اور اپنے مقصد پر سے اپنی توجہ نہ ہٹنے دوں ۔

شردھا کاکہناہے کہ میں خود کو ایک اچھی اداکارہ کی حیثیت سے منوانا میرا شروع سے خواب رہاہے اگر میں اپنے ماضی کی طرف دیکھتی ہوں تو لگتاہے کہ میں بہتر راستے پر جارہی ہوں ۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہناتھا کہ فلموں میں میں ہر طرح کا کردا راداکرنا چاہتی ہوں اور اپنے کام کے دوران خود کو اس کردار میں مکمل طور پر ڈھالنے کی کوشش کرتی ہوں۔شردھا کے مطابق اداکارہ سری دیوی اور ان کا کام آئیڈل ہے لیکن وہ ان کے کیرئیر کی نقل نہیں کرناچاہتی ایک سوال کے جواب میں شردھا کپور نے کہا کہ میں ایسی چیزیں پسند کرتی ہون جو مجھ پر قدرتی طور پر فٹ بیٹھتی ہوں اور اپنی اداکاری کا کسی سے مقابلہ نہیں کرتی اور میں سوچتی ہوں کہ ایک اداکارہ کی حیثتی سے میں جو کچھ کررہی ہوں اسے سے بالی ووڈ میں اپنی جگہ مزید بہتر بنا سکتی ہوں۔



نامور اداکار شکتی کپور اور شونگی کولہا پوری کی بیٹی نے بتایاکہ اسے فخر ہے کہ اس کے والدین اس کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ والدہ میری بہترین دوست ہیں میں ان سے اپنے ہر مسئلے پر گفتگو کرلیتی ہوں جب میں کالج چھوڑنا چاہتی تھی تو انھوں نے میری مکمل حمایت کی ۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہناتھا کہ میں ہرآنے والے دن کا انتظار کرتی اور اس سے لطف اندوز ہوتی ہوں۔خود کو کچھ عرصہ پیچھے دیکھتی ہوں تو سوچتی ہوں کہ میں اس وقت اچھی فلموں کاحصہ تھی۔اپنے والد کی اداکاری کے سوال کے جواب میں شردھا کا کہنا تھاکہ میں اپنے والد شکتی کپور کی فنکارانہ صلاحیتوں کی معترف ہوں ۔انڈسٹری میں ان کا مقام ہے اس حوالے سے بھی لوگ میری عزت کرتے ہیں تاہم میں اپنے کام کی بنیاد پر اپنا وجود منوانا چاہتی ہوں اور اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آگے بڑھ رہی ہوں ۔

شردھا کپور اس وقت ہدایتکار رینسل ڈی سلوا کی فلم ''انگلی میں ایک گانے کا حصہ ہیں۔جب کہ انھوں نے حال ہی میں ایک نئی فلم بھی سائن کی ہے تاہم اس سلسلہ میں اس نے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ممبئی میں مشہور اداکار شکتی کپور کے گھر پیدا ہونے والی اداکارہ شردھا کپور نے اپنی ابتدائی تعلیم جوہی کے جمنا بائی نرسری اسکول سے حاصل کی ۔پھر بوسٹن یونیورسٹی میں داخلہ لیا جہاں سے شعبہ تھیٹرسٹیڈی میں ڈپلومہ حاصل کیا۔ اداکارہ شردھا کپور کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز کی گئی ،اس فلم ''تین پتی'' میں شردھا نے بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ پرفارم کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ اس کے بعد2011میں فلم ''لوکا تو اینڈ''کی ۔اس فلم پر اداکارہ کی عمدہ پرفارمنس پر انھیں بہترین اداکارہ کا اسٹار ڈسٹ اسکرین لائٹ ایوارڈ دیا گیا۔ 2011 میں شردھا نے یش راج فلمز کے ساتھ تین فلمیں سائن کیں۔

تاہم اس معاہدے کو مہیش بھٹ کی فلم ''عاشقی 2''کے لیے منسوخ کردیا۔2011میں اداکارہ کی یش راج فلمز کے بینر تلے فلم ''لو کا دی اینڈ ریلیز ہوئی جس میں اس کے ساتھ ایک نئے اداکار تاہا شاہ نے لیڈنگ رول اداکیاتھا۔یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی تاہم اس میں شردھا کی اداکاری کو سراہا گیا اور اسے بہترین اداکارہ کا اسٹار ڈسٹ اسکرین لائٹ ایوارڈ دیا گیا ۔رواں سال کے دوران اپریل میں اداکارہ کی فلم عاشقی ریلیز ہوئی اس فلم میں شردھا نے ادیتیہ رائے کپور کے ساتھ لیڈنگ رول کیاجو ایک بار کی گلوکارہ کا تھاجو بعد میں ایک کامیاب پلے بیک سنگر کی حیثیت سے سامنے آتی ہے ۔

یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی اور اس میں بھی شردھا کی پرفارمنس کی بہت تعریف کی گئی۔ شردھا کپور کی فلم ''گوری تیرے پیار میں اسی سال 22نومبر کو ریلیزہورہی ہے جس کی ہدایات پونیت ملہوترا نے دی ہیں اس فلم کے مین کردار عمران خان اور کرینہ کپور ہیں جب کہ ایشا گپتاکاآئٹم سانگ بھی اس فلم کا حصہ ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ شردھا کپور کی پرفارمنس میں واقعی ایک سال میں ہی نکھار آیا ہے اور انھوں نے بڑا ایوارڈ جیت کر نئے چہروں میں اپنا ممتاز مقام بنالیا ہے۔

مقبول خبریں