پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے مال بردار بحری جہاز کی کراچی آمد

بزنس رپورٹر  جمعـء 20 دسمبر 2019
سی وی کاسکو بیلیجم جہاز کی ایک تصویر

سی وی کاسکو بیلیجم جہاز کی ایک تصویر

 کراچی: پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کنٹینر بردار بحری جہاز کی کراچی آمد نے ملکی جہاز رانی اور بندرگاہوں کے باب میں تاریخ رقم کردی۔

کراچی میں بننے والی گہرے پانی کی بندرگاہ ہیچیسن پورٹ پر 18 دسمبر کی رات 8 بجے لنگر انداز ہونے والا سی وی کوسکو بیلجیئم اب تک پاکستان کی کسی بھی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والا سب سے بڑا جہاز ہے جس پر 13 ہزار 386  کنٹینرز(ٹی ای یوز) کی گنجائش ہے۔

یہ جہاز 366 میٹر طویل اور 51 میٹر چوڑا ہے جو بندرگاہ پر لنگر انداز رہنے اور 1537  کنٹینرز کی ہینڈلنگ کے بعد 19 دسمبر کو دوپہر اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔

چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر نے کے پی ٹی کی ٹیم اور آپریشنل عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے کراچی پورٹ کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔

ہیچیسن پورٹس پاکستان کے جنرل منیجر سید راشد جمیل نے کہا کہ سی وی کاسکو بیلجیئم کنٹینر جہاز کی آمد ہمارے لیے باعث فخر ہے کیونکہ ملک میں واحد ہمارا ٹرمینل ہی ایسا ہے جو برتھ کی سہولت کے ساتھ اتنے بڑے جہاز کو ہینڈل کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور صلاحیت سے آراستہ ہے، ہم اپنے پارٹنرز کاسکو کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کرنے میں تعاون فراہم کیا۔

واضح رہے کہ ہچیسن پورٹس پاکستان ملک میں واحد کنٹینر ٹرمینل ہے جس کی گہرائی 16.5 میٹر ہے اور یہ آسانی سے بڑے کنٹینر جہازوں سے ہینڈلنگ سرانجام دے سکتا ہے۔

اس ٹرمینل پر 11 عدد ریموٹ کنٹرولڈ کی کرینیں (quay cranes) اور 31 عدد ربر ٹائرڈ گینٹری کرینیں (RTGCs) نصب ہیں جنہیں ہچیسن پورٹس کے بہترین ٹرمینل کنٹرول سسٹم این جین (nGen)سے آپریٹ کیا جاتا ہے۔ این جین یارڈ اور کی آپریشنز سمیت بہترین سطح کی مہارت کے ساتھ آپریشنز کو کنٹرول کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔