کورونا وائرس کا خوف ؛ بھارت میں آرمی ہیڈ کوارٹر بھی بند

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2020
زیر تربیت اہلکاروں، غیر ضروری عملے اور زائد نفری کو گھر بھیج دیا گیا، فوٹو: فائل

زیر تربیت اہلکاروں، غیر ضروری عملے اور زائد نفری کو گھر بھیج دیا گیا، فوٹو: فائل

جودھ پور: بھارت میں کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے آرمی ہیڈ کوارٹر کو بند کر دیا گیا ہے اور صرف بے حد ضروری اسٹاف کو ہی آنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجھستان میں واقع جودھ پور آرمی ہیڈکوارٹر کو بھی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 21 دن کے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد بند کردیا گیا ہے اور صرف ضروری عملے کو آنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 21 دن کے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عملے کرتے ہوئے ریاستوں میں آرمی ہیڈ کوارٹرز، چھاؤنیوں اور دیگر دفاتر میں صرف ضروری اسٹاف کو آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ زیر تربیت اہلکاروں، غیر ضروری عملے اور زائد نفری کو گھر بھیج دیا گیا۔

بھارتی ریاست راجھستان میں ایران سے 277 افراد لائے گئے ہیں جن میں  273 زائرین ہیں۔ ان افراد کے ہمراہ عملے کو بھی جودھ پور میں قرنطینہ کیا گیا۔ ایران سے واپسی اور قرنطینہ تک تمام انتظام اسی آرمی کور نے کیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث ملک بھر میں 21 دن کے لیے لاک ڈاؤن ہے جب کہ اس قبل ’جنتا کرفیو‘ نافذ کیا گیا تھا جس کے دوران شہریوں کو خود ساختہ کرفیو اپنانا تھا تاہم اس مہم میں ناکامی کے بعد 21 دن کا لاک ڈاؤن کرنا پڑا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔