تجارت وصنعتی شعبے کا عیدالفطر پر 6 روزہ سرکاری تعطیلات کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

احتشام مفتی  اتوار 17 مئ 2020
فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر نے فیصلے کو صنعت و تجارتی شعبوں کے ساتھ مذاق قراردیا

فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر نے فیصلے کو صنعت و تجارتی شعبوں کے ساتھ مذاق قراردیا

کراچی: تجارت وصنعتی شعبے نے وفاق کی جانب سے عیدالفطر کے لیے 6 روزہ سرکاری تعطیلات کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

تجارت وصنعتی شعبے نے وفاقی حکومت کی جانب سے جمعتہ الوداع سمیت عیدالفطر کے لیے 6 روزہ سرکاری تعطیلات پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پالیسی سازوں سے کہا ہے کہ وہ موجودہ نامساعد کاروباری وبرآمدی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 22 مئی سے 27 مئی تک کی طویل دورانیئے تعطیلات منانے کا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کرے۔

فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر عابد عبداللہ نے 6روزہ طویل دورانیئے کی تعطیلات کے اعلان کو صنعت و تجارتی شعبوں کے ساتھ سنگین مزاق قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اگر اعلان کردہ تعطیلات منانی ہیں تو کم ازکم ملک سے ہونے والی برآمدات کو بلارکاوٹ جاری رکھنے کے لیے بینکس بندر گاہیں اور محکمہ کسٹمز کے دفاتر کو کھولے رکھنے کا اعلان کرنا چاہیئے۔

انہوں نےکہاکہ کورونا وباء کے باعث پہلے ہی مقامی برآمدی صنعتیں مالیاتی اور پیداواری مسائل سے دوچار ہیں جبکہ بعض برآمدی صنعتوں کو اپنے بحال شدہ برآمدی آرڈرز کی تکمیل کرکے انکی شپمنٹس کرنی ہیں لیکن وفاق کی جانب سے اعلان کردہ 6 روزہ طویل سرکاری تعطیلات نے برآمدکنندہ صنعتوں کو نئی مشکل میں ڈال دیاہے کیونکہ انکے برآمدی آرڈرز کی اگر تکمیل پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گی لیکن سرکاری تعطیلات کے باعث انکی شپمنٹس تاخیر کا شکار ہوجائیں گی لہذا وفاق کے پالیسی سازوں کو زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔