شوال کا چاند نظر آگیا، پاکستان میں عیدالفطر آج منائی جائے گی

ویب ڈیسک  اتوار 24 مئ 2020
اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت جاری ہے۔ فوٹو، فائل

اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت جاری ہے۔ فوٹو، فائل

 کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں آج عید الفطر منائی جائے گی۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کورونا صورت حال کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز کے تحت منعقد ہوں گے۔  نمازِ عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوش حالی، امن و امان اور کورونا وباء سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی دعائیں کی جائیں گی۔

’’عید کی زبانی مبارک دیں‘‘

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مصافحے اور گلے ملنے سے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لیے بہتر یہ ہے کہ احتیاط پر عمل کیا جائے اورعید کی مبارک باد  زبانی  دی جائے۔

 رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس

شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز نماز عصر کے بعد محکمہ موسمیات کراچی کمپلکس  میں شروع ہوا۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کےعلاوہ زونل کمیٹی ممبران اور بحریہ کے ماہرین نے بھی شرکت کی اور تکنیکی معاونت کےلیے محکمہ موسمیات سپارکو کے اراکین بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔ کراچی کے علاوہ  لاہور ، اسلام آباد ، کوئٹہ  اور پشاور میں بھی زونل کمیٹیوں کے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر سائنس فواد چوہدری نے کل عید کا اعلان کردیا

مفتی منیب الرحمن نے چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں چاند دیکھنے کا امکان تھا وہاں سے شہادتیں موصول ہوئیں اور ان کا جائزہ لینے میں وقت لگا۔ انہوں نے کراچی میں طیارے کے حادثے میں جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کیا اور کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے دعا بھی کروائی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری پر اپنی وزارت تک محدود رہنے کی پابندی لگنی چاہیے۔ دینی امور میں ان کی مداخلت پر شدید مذمت کرتے ہیں۔ فواد چوہدری کی کوئی حیثیت نہیں ہم دین کے پابند ہیں۔ انہیں دینی امور میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر سائنس فواد چوہدری نے کل عید کا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ  ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کو دینی امور میں مداخلت سے باز رکھیں۔ وہ مذہبی امور کے وزیر نہیں ہیں انہیں ان امور میں نہیں بولنا چاہیے۔ وہ 2022 میں چاند پر مشن بھیجنے اور وینٹی لیٹر بنانے جیسے اعلانات کرچکے ہیں ان پر عمل درآمد پر غور کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔