ملک میں 26 سال سے انسداد پولیو مہم جاری، مرض کا خاتمہ نہیں ہوسکا

طفیل احمد  جمعـء 12 جون 2020
پولیو وائرس دنیا بھر کے صرف دو ممالک میں موجود ہے ان میں پاکستان اور افغانستان شامل ہیں (فوٹو : انٹرنیٹ)

پولیو وائرس دنیا بھر کے صرف دو ممالک میں موجود ہے ان میں پاکستان اور افغانستان شامل ہیں (فوٹو : انٹرنیٹ)

 کراچی: پاکستان میں 26 سال سے جاری انسداد پولیو مہم کے باوجود وائرس کا خاتمہ نہیں کیا جاسکا، رواں ماہ بھی پولیو وائرس کے 50 کیسز سامنے آگئے۔

ایکسپریس کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 26 سال سے انسداد پولیو مہم جاری ہے لیکن اس کے باوجود ملک سے پولیو کے مرض کا خاتمہ ممکن نہیں ہوسکا۔ رواں ماہ جون میں 50 پولیو وائرس کے کیسوں کی تصدیق کی گئی جو ایک تشویش ناک صورتحال ہے۔

پولیو وائرس دنیا بھر کے صرف دو ممالک میں موجود ہے ان میں پاکستان اور افغانستان شامل ہیں۔ پاکستان میں پولیو کیسز میں اضافے پر عالمی اداروں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ پاکستان میں پولیو وائرس کی شدت ستمبر سے دسمبر تک رہتی ہے۔عالمی ادارے پاکستان میں مسلسل جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے باوجود مطلوبہ  نتائج نہ ملنے پر حکومت سے متعدد بار اپنے تحفظات کا اظہار بار کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 2019ء میں اس وائرس نے 144 بچوں کو نشانہ بنایا۔ سال 2020ء میں اب تک سندھ میں 17 بچے پولیو وائرس کا شکار بنے جبکہ خیبر پختونخوا میں 20 اور بلوچستان میں 11 کیسز رپورٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 1994ء میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے اپنی بیٹی آصفہ بھٹو کو پولیو کی حفاظتی خوراک پلا کر پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا تھا جس کے بعد سے اب تک 26 سال سے پولیو مہم مسلسل جاری ہے لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہورہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔