کورونا وائرس کے باعث دنيا بھر ميں خواتين کرکٹ کی سرگرمياں رکی ہوئی ہیں، عروج ممتاز

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 6 اگست 2020
وقت کا تقاضہ ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کرے، سابق ویمن کرکٹر

وقت کا تقاضہ ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کرے، سابق ویمن کرکٹر

 لاہور: پاکستان کرکٹ کمیٹی کی ممبر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنيا بھر ميں خواتين کرکٹ کی سرگرمياں رکی ہوئی ہیں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز نے کورونا وائرس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء سے ہماری خواتين کرکٹرز بھی بہت متاثر ہوئی ہيں اور ان ميں سے کچھ تو ایسی ہیں جو اپنے اہل خانہ کی واحد کفيل ہیں۔

عروج ممتاز نے کہا چونکہ خواتين کرکٹ آہستہ آہستہ فروغ پارہی ہے، لہٰذا یہ وقت کا تقاضہ تھا کہ پی سی بی اس اسکيم کے تحت نہ صرف اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کرتا بلکہ انہيں يہ یقین دلانا بھی ضروری تھا کہ بورڈ ان کی قدر کرتا ہے اور ان مشکل لمحات ميں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

انہوں نے مزيد کہا کہ ڈوميسٹک سيزن 2019-20 ميں مجموعی طور پر 48 کھلاڑيوں نے حصہ ليا تھا، جس ميں سے 25 کھلاڑی تو اس اسکيم سے مستفيد ہوں گی جبکہ باقی ماندہ خواتین کرکٹرز يا تو پی سی بی کے کنٹريکٹ پر ہيں يا پھر وہ کہيں اور ملازمت کر رہی ہيں۔

عروج ممتاز نے کہا کہ وہ اپنی ٹيم کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے چيئرمين اور چيف ايگزيکٹو کی بھی مشکور ہيں جنہوں نے اس معاملے کو سمجھا اور ایک ایسا فيصلہ کيا، جو مستقبل ميں خواتين کرکٹ کی پذیرائی اور فروغ ميں معاونت کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔