ناؤمی اوساکا کے سر پر پھر چیمپئن کا تاج سج گیا

یوایس اوپن فائنل میں پہلا سیٹ جیتنے کے باوجودآذرنیکا کا خواب چکنا چور


Sports Desk September 14, 2020
یوایس اوپن فائنل میں پہلا سیٹ جیتنے کے باوجودآذرنیکا کا خواب چکنا چور ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ناؤمی اوساکا کے سر پر پھر یوایس اوپن چیمپئن کا تاج سج گیا، فائنل میں پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود وکٹوریہ آذرنیکا کے خواب چکنا چور کردیے، جاپانی اسٹار نے امریکا میں دوسرا اور مجموعی طور پر تیسرا گرینڈ سلم اپنے شوکیس میں سجایا۔

تفصیلات کے مطابق ناؤمی اوساکا نے فائنل میں وکٹوریہ آذرنیکا کو مات دے کر دوسرا یوایس اوپن ٹائٹل اپنے نام کیا، اس سے قبل انھوں نے 2018 میں میگا ٹرافی اپنے نام کی تھی،گذشتہ برس انھوں نے یوایس اوپن کی صورت میں گرینڈ سلم جیتا تھا۔ فائنل کے آغاز میں جاپانی اسٹار کو وکٹوریہ آذرنیکا نے خوب پریشان کیا، پہلے سیٹ میں پوائنٹ گنوانے پر ناؤمی نے خالی آرتھر ایش اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں موجود اپنے کوچ کی جانب دیکھ کر دونوں ہاتھ یوں اوپر اٹھائے جیسی کہہ رہی ہوں کہ آخر یہ ہوکیا رہا ہے، اسی طرح چند سیکنڈ بعد ایک اور پوائنٹ گنوانے پر انھوں نے غصے سے ریکٹ ہی نیچے دے مارا، تاہم بعد میں انھوں نے کم بیک کرتے ہوئے اپنے کھیل کو بہتر کیا اور وکٹوریہ آذرنیکا کو 1-6، 3-6 اور 3-6 سے مات دے دی۔ ی

ہ 26 برس میں پہلا موقع ہے جب یوایس اوپن کے فائنل میں پہلا سیٹ گنوانے کے بعد کسی خاتون نے ٹائٹل جیتا ہو، آخری مرتبہ ایسا 1994میں ہوا تھا جب ارینٹسکا سانچیز ویکاریو نے اسٹیفی گراف کیخلاف اسی انداز میں فتح سمیٹی تھی۔22سالہ اوساکاکاکہنا ہے کہ چینج اوور کے دوران میں نے اپنے سر پر تولیہ ڈال کر سوچاکہ یہ کیا ہورہا ہے،اگر میں ایک گھنٹے کے اندر ہارگئی تو یہ کافی شرمناک ہوگا، میں نے خود سے کہا کہ مجھے اب اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کرنا اور خود کو بْرے برتاؤ سے باز رکھنا ہے، مجھے خوشی ہے کہ اپنے اعصاب پر قابو پانے اور مقابلہ جیتنے میں کامیاب رہی۔

مقبول خبریں